متنازع کلاز میں ترامیم پر اتفاق، تاجر تنظیمیں آج ہڑتال پر تقسیم
اسلام آباد (وقائع نگار) فنانس بل کے خلاف تاجروں کے احتجاج کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت ہارون اختر کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی، رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔
اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ سمیت کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے مختلف چیمبرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹیکس قانون سازی اور انفورسمنٹ اقدامات سے متعلق بزنس کمیونٹی کے تحفظات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔صدر ایف پی سی سی آئی نے ٹیکس بل میں شامل سخت اقدامات پر بزنس برادری کے خدشات سے آگاہ کیا اور فیڈریشن کی جانب سے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔ ایف بی آر اور ٹیکس ماہرین نے مجوزہ اقدامات پر شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔کمیٹی نے ان خدشات کے ازالے کیلئے تجاویز تیار کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں شکایات کے حل کے لیے ایک خصوصی کمیٹی کے قیام کی تجویز منظور کی گئی، جس میں ایف بی آر، ایف پی سی سی آئی، متعلقہ چیمبر اور سیکٹر کا ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا۔ٹیکس بل کے کلاز 9 کے خاتمے کی تجویز پر بھی غور ہوا، جس کی ہارون اختر نے حمایت کی۔ کمیٹی نے متنازع کلاز میں ترامیم پر بھی اتفاق کیا اور طے پایا کہ تیار کردہ سفارشات حتمی منظوری کے لیے وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔صدر ایف پی سی سی آئی نے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو سنا جانا مثبت قدم ہے ، امید ہے وزیراعظم سفارشات کی منظوری دے کر کاروباری طبقے کے خدشات دور کریں گے ۔
لاہور،اسلام آباد،کراچی(کامرس رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)چیمبرز اور تاجر تنظیمیں آج کی ہڑتال کے معاملے پر تقسیم ہوگئیں۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی)اور تاجر تنظیموں نے ہڑتال مؤخر کرنے جبکہ لاہور کی تاجر تنظیموں ،لاہور اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا۔صدرایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور تاجررہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا حکومت سے میٹنگ مثبت ہوئی آج ملک بھر میں ہڑتال نہیں ہوگی،پورے پاکستان کے چیمبرز اس معاملے پر ہمارے ساتھ ہیں۔عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا فیڈریشن کاکام بزنس کمیونٹی اورحکومت کے درمیان پل کا کردارادا کرنا ہے ، حکومت نے بزنس کمیونٹی کے تحفظات کواچھے طریقے سے سنا، حکومت نے فنانس بل اورسیلزٹیکس ایکٹ کی متنازع شقوں پرلچک کامظاہرہ کیا اور حکومت نے بزنس کمیونٹی کے تمام مطالبات کو تسلیم کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا اگرکسی نے احتجاج کی کال دی ہے تو انفرادی حیثیت میں دی ہوگی،بزنس کمیونٹی کا تعلق نہیں۔ رہنما ایف پی سی سی آئی ثاقب مگوں نے کہا وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین ایف بی آرسے مذاکرات کے بعد فیصلہ کیاگیا گوجرانوالہ، اسلام آباد، پشاور اور کئی چیمبرز ہمارے ساتھ ہیں تاہم کراچی اور لاہور چیمبر کا اپنا فیصلہ ہے ۔
انجمن تاجران پاکستان کے رہنما اجمل بلوچ کا کہنا تھا پہلی مرتبہ ایف پی سی سی آئی اور انجمن تاجران پاکستان ایک پیج پرہے ، حکومت نے تمام مسئلے حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ان کا کہنا تھا ایک ماہ میں مسئلے حل ہو جائیں گے ، ابھی ہڑتال کی ضرورت نہیں، ضرورت پڑی تو انجمن تاجران، ایف پی سی سی آئی اور تمام چیمبرزمل کربڑی ہڑتال کریں گے ۔دوسری طرف لاہور کی مختلف تاجر تنظیموں اور لاہور چیمبر نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کاروباری برادری کو سخت اور ظالمانہ پالیسیوں کے ذریعے دیوار سے لگا دیا گیا ہے ہم ہڑتال شوق سے نہیں کر رہے بلکہ مجبوری کی انتہا پر پہنچ چکے ہیں۔پاکستان ٹریڈرز اینڈ مینوفیکچرز الائنس کے مرکزی صدر وقار علی نے آج لاہور میں تمام مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔انجمن تاجران برانڈرتھ روڈ لاہور کے صدر شیخ عبدالرب اور انجمن تاجران رحمن گلیاں کے صدر شیخ محمد یونس سمیت تاجرتنظیموں نے بھی آج ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔پٹرن انچیف پاکستان آٹو موبیل سپئیر پارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی یشن عابد حمیداور چیئرمین وقار بٹ نے آٹو پارٹس کی تمام مارکیٹس بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تاجر برادری کی مشکلات میں ساتھ کھڑے ہیں ۔صدر بادامی باغ آٹو پارٹس میاں وقار ،پاکستان سٹیل ٹریڈرز ایسوسی ایشن،وائس چیئرمین فیروز پور روڈ انڈسٹریز ایسوسی ایشن باؤ محمد بشیر ،گنپت روڈ پیپر مارکیٹ،شاہ عالم مارکیٹ کے عہدیداروں، صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ ،مزکری غلہ منڈی اکبری کے صدر اظہر اقبال ،صدر ٹیکسٹائل ٹریڈرز ایسوسی ایشن رانا ندیم عباس ،صدر مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن سہیل محمود بٹ ،چیئرمین داروغہ والا انڈسٹریز ایسوسی ایشن شعبان اختر ،صدر انجمن تاجران منٹگمری روڈ اعجاز مشتاق بٹ نے ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے مارکیٹس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔
صدر پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل تنویر جٹ نے ٹرانسپورٹ مکمل بند رکھ کر پہیہ جام ہڑتال کی کال دی ہے ۔ واضح رہے صرف ریٹیل مارکیٹس کھلی رہیں گی۔کراچی سے بزنس رپورٹر کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس سمیت ملک بھر کے اہم تجارتی چیمبرز نے وفاقی حکومت سے طویل مذاکرات کی ناکامی کے بعد آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے ، کراچی،لاہور،ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور سمیت تمام بڑے شہروں کے چیمبرز اس احتجاجی مہم میں یکجا نظر آرہے ہیں۔صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی نے کہا ہے شہر قائد سمیت دیگر تجارتی چیمبرز نے آج ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید بلوانی کا کہنا تھا کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے ماتحت تمام تجارتی چیمبرز ملک گیر ہڑتال کریں گے ، حکومت کے ساتھ طویل مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے مگر تحریری طور پر نہ دینے پر معاملہ بگڑ گیا۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے اضافی اختیارات میں ترمیم یا خاتمے تک ہڑتال کاسلسلہ جاری رہے گا، حکومت کی تحریری ضمانت نہ ملنے تک ہڑتال کی مدت آئندہ ایک روز سے بڑھا کر دو روز کی جاسکتی ہے ۔صدر کراچی چیمبر کا کہنا تھا کہ تاجر برادری اپنے حقوق کیلئے پرامن ہڑتال کررہی ہے ، کراچی،لاہور،ملتان،فیصل آباد،سیالکوٹ، پشاور کے تمام چیمبرز ہڑتال کے معاملے پر یکجا ہیں۔