ن لیگ کی اعلیٰ قیادت مری پہنچ گئی،اہم فیصلوں کاامکان
اسلام آباد (یاسرملک)مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت اہم دورے پر مری پہنچ گئی، لیگی قیادت آج اہم بیٹھک کریگی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت پارٹی سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان ہے ، اہم وفاقی وزراء بھی اہم اجلاس میں شریک ہوں گے ۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف مری پہنچ گئے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج پہنچیں گی۔ لیگی قیادت کا آج مری میں اہم اجلاس ہوگا جس میں وفاقی کابینہ کے بعض اہم وزرا سمیت پارٹی کے سینئر رہنما شریک ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت پنجاب کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں پارٹی کے متعلق بعض اہم فیصلے بھی کئے جاسکتے ہیں،مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کچھ اہم ہدایات جاری کریں گے ، سابق وزیراعظم ملک میں مہنگائی میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے پر زور دیں گے ۔اجلاس میں پنجاب میں حالیہ مون سون بارشوں سے نقصانات اور ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اجلاس کو حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات پر بریفنگ دیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مون سون کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بھی شیئر کریں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مری میں قیام کے دوران مسلم لیگ (ن) کے صدر اور بعض وفاقی وزراء کے درمیان ون آن ون ملاقاتوں کا بھی امکان ہے ، ان ملاقاتوں میں اہم امور زیر غور لائے جائیں گے ۔