بلوچستان :فتنہ الہندوستان کے3دہشتگرد ہلاک ،میجر اور سپاہی شہید:مٹھی بھر دہشتگرد ترقی کا راستہ نہیں روک سکتے،ڈی جی آئی ایس پی آر

بلوچستان :فتنہ الہندوستان کے3دہشتگرد ہلاک ،میجر اور سپاہی شہید:مٹھی بھر دہشتگرد ترقی کا راستہ نہیں روک سکتے،ڈی  جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر،نامہ نگار )مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کے دوران 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر اور سپاہی شہید ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ 23 جولائی 2025 کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا،کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، آپریشن کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے ،تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں مادرِ وطن کے بہادر سپوت میجر زید سلیم اوّل(عمر 31 سال خوشاب)جو اپنے دستے کی قیادت فرنٹ لائن سے کر رہے تھے ، دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے ،ان کے ہمراہ سپاہی ناظم حسین (عمر 22 سال، سکنہ جہلم)بھی شہید ہو گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دیگر بھارتی سرپرست دہشت گردوں کی موجودگی کے پیشِ نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے ، پاک فوج ملک سے بھارتی سرپرست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے ۔

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ ہمارے بہادر سپوتوں کی یہ عظیم قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔دوسری طرف صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف نے 3 دہشتگردوں کے خاتمے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہدائکے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔صدر مملکت اور وزیراعظم نے الگ الگ بیان میں کہا ہے کہ میجر زید سلیم اول شہید اور سپاہی ناظم حسین شہید نے مادر وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی ، فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی،بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا ،قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ میجر زید سلیم اوّل اور سپاہی ناظم حسین اپنی جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے ، قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے ،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔

 اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک )ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان اور پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کا  راستہ نہیں روک سکتے ۔ان خیالات کااظہار ڈی جی آئی ایس پی آر نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے گزشتہ روز دورہ کے دوران کیا، قبل ازیں یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاک افواج کی حکمت عملی اور کامیابی پر روشنی ڈالی۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بلوچ عوام پاکستان سے تاریخ، مذہب، ثقافت اور روایت کے رشتوں میں جُڑی ہے ،معرکہء حق میں فتح مُبین میں عوام کی حمایت بالخصوص نوجوانوں کا کردار اہم رہا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا۔اس موقع پر طلباء و طالبات نے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ طلباء و طالبات اور فیکلٹی ممبران نے مزید ایسے انٹر ایکٹیو سیشنز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں