بڑھتے قتل ، زیادتی کے واقعات روکے جائیں، علما کرام

 بڑھتے قتل ، زیادتی کے واقعات روکے جائیں، علما کرام

لاہور (سیاسی نمائندہ)تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ ، پاکستان علما کونسل اور دارالافتا پاکستان نے وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ غیرت کے نام پر قتل اور مسلسل بچوں اور بچیوں کے ساتھ ہونے والے زیادتی کے واقعات کے خاتمہ کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل و صدر دارالافتا پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، مولانا مفتی محمد عمر فاروق، مفتی نصر اللہ ، علامہ طاہر الحسن، مولانا نعمان حاشر، مولانا ابوبکر حمید صابری، مولانا محمد اسلم صدیقی ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا انوار الحق مجاہد، مولانا زبیر کھٹانہ، مولانا محمد اشفا ق پتافی اور دیگر نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران بچوں اور بچیوں کے حوالے سے زیادتی کے واقعات ، غیر ت کے نام پر بلوچستان اور راولپنڈی میں قتل ، فیصل آباد میں شادی سے انکار پر قتل یہ سب نا قابل قبول واقعات ہیں اورافسوس ہے کہ پاکستان میں ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف جسٹس یحیی آفریدی اس کا نوٹس لیں اور اس طرح کے سفاکانہ واقعات کیلئے سپیڈی ٹرائل کا حکم اور مجرمان کو جلد از جلد سزا دی جائے ۔ رہنمائوں نے چیف جسٹس سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اس طرح کے مقدمات کو دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے اور تمام قانونی عمل تین ماہ میں مکمل کیا جائے تا کہ سزا کے خوف اور انصاف کی جلد فراہمی سے مجرموں کو سزا ملنے سے اس طرح کے واقعات کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں