پی ٹی آئی کارکنوں کی پاپو ایکٹ کے تحت دی گئی سزائیں معطل
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت نے پی ٹی آئی کے 12 کار کنوں کی پاپو ایکٹ کے تحت 6،6 ماہ سزا کا حکم معطل کرتے ہوئے ضمانت پر رہائی کا حکم دیدیا۔
گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنان کو پاپو ایکٹ تحت دی گئی سزا کا حکم معطل کردیا اورتھانہ رمنا میں درج مقدمہ نمبر 976 اور 977 میں 20،20 ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرنے کا حکم سنادیا، عدالت نے پی ٹی آئی ورکرز کی ضمانتیں 382 اے کے تحت منظور کیں۔ادھرپی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں بھی امن عامہ ایکٹ کے تحت مقدمہ میں سزا یافتہ پی ٹی آئی کے 4کارکنان کی ضمانت کیلئے درخواستیں دائر کی گئیں،جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی رخصت کے باعث سزا معطلی کی درخواست پر دلائل نہ ہوسکے ، عدالتی عملے نے پی ٹی آئی وکلاء کو آئندہ سماعت کی 28 جولائی کی تاریخ دے دی۔پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج ہے ۔پی ٹی آئی ورکرز کو تین مقدمات میں عدالت نے 12 کارکنان کو چند روز پہلے ہی چھ چھ ماہ قید کا حکم سنایاتھا۔