165 روپے کلو نرخ مقرر ہونے پر چینی مارکیٹ سے غائب
لاہور (عمران اکبر) حکومت کی جانب سے چینی کی قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی گئی،چینی کی قیمت مقرر کرنے کے بعد مارکیٹ سے چینی غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔۔۔
چینی ڈبل سنچری کے ساتھ200 روپے تک فروخت ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں ،سرکار کی سطح پر ایک ہفتہ میں چینی مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا ،چھوٹے دکاندار مہنگی چینی لینے سے پریشان ہو گئے جبکہ شوگر مافیا نے ضد نہ چھوڑی ،دس روز گزر گئے سرکار اور شوگر ملز کے درمیان ایک ریٹ چینی فی کلو 165روپے فروخت کروانے کا فارمولہ طے ہونے کے باوجود لاہور سمیت صوبہ بھر میں چینی کی قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہو سکا اور چینی مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہے ۔دوسری طرف سرکار نے ایک ہفتہ میں کریک ڈاؤن کی رپورٹ جاری کر دی، 6لاکھ 50ہزار دکانداروں کی چیکنگ ،مہنگی چینی بیچنے والے 28ہزار دکانداروں کو جرمانے ،5ہزار 619افراد گرفتار جبکہ 490افراد کو حوالہ جیل کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق حکومت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا اجلاس آج پیر کو طلب کرلیا گیا جس میں چینی کی قیمتوں کے معاہدہ پر عملدرآمد بارے بات ہو گی۔مارکیٹ میں چینی نرخ مقررہ حد تک نہ آنے کی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا،اجلاس اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہو گا جس میں سیکرٹری انڈسٹری ،چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن،ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور چاروں صوبوں کے کین کمشنرز شریک ہوں گے ۔ دوسری طرف لاہور میں بیشتر دکانوں پر چینی نایاب ہو گئی،دکانداروں کے مطابق حکومت نے چینی کی قیمت 165 روپے کلو مقرر کی لیکن تھوک ماکیٹ سے 190 روپے مل رہی ہے اور عام دکانوں پر چینی 200 روپے فروخت کی جا رہی ، مارکیٹ سے چینی9ہزار 200روپے کی بوری مل رہی، اگر چینی مہنگی بیچتے ہیں تو انتظامیہ مقدمات درج کرتی ہے۔