فاروق ستارسیاسی لاش، یہ ناکام سیاسی وجود کی آخری چیخ:ناصر شاہ
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے ’’بکھری ہوئی سوچ اور ایک ناکام سیاسی وجود کی آخری چیخ‘‘قرار دیا ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فاروق ستار اس وقت سیاسی تنہائی، قیادت کے فقدان اور عوامی تردید کا شکار ہیں۔ ناصر شاہ نے کہا کہ سستی شہرت کے لیے وہ کھلے عام جھوٹ بول رہے ہیں، لیکن عوام اب ان کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس شخص کے سیاسی ماضی پر لسانی تعصب، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور کراچی کے امن کی تباہی جیسے داغ ہوں اسے عوامی خدمت کا نام لینا زیب نہیں دیتا ، یہ سراسر ایک تلخ مذاق ہے ۔ انہوں نے فاروق ستار کو ’’سیاسی لاش‘‘ قرار دیا جو محض جھوٹے بیانات، ڈرامے اور میڈیا پر نمودار ہوکر خود کو زندہ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی سیاسی قبر سے نکل کر وہ سندھ حکومت پر کیچڑ اچھالنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، لیکن شہر کے عوام سچ اور جھوٹ میں فرق جانتے ہیں۔