سندھ اسمبلی:بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور زائد بلنگ کے خلاف قرارداد منظور
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی نے نیپرا کی جانب سے کراچی کے بجلی صارفین پر 50 ارب کا بوجھ ڈالنے کی منظوری کے خلاف اور نیپرا، سیپکو، حیسکو، کے الیکٹرک کی لوڈ شیڈنگ و زائد بلنگ کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔اجلاس پینل آف چیئرپرسن ندا کھوڑو کی زیر صدارت شروع ہوا۔
آغاز میں بلوچستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہدائاورغزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے لئے دعا کی گئی ۔اس موقع پرپاکستان کی بقا اور سر بلندی کے لئے بھی دعا مانگی گئی ۔محکمہ کھیل اور امور نوجوانان سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی سیکریٹری صائمہ آغا نے ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کے جوابات دیئے ۔ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے ارکان ہیرسوہو، عامرصدیقی اور شبیرقریشی نے سیپکو، حیسکو اور کے الیکٹرک کے خلاف قراداد ایوان میں پیش کی۔ایم کیو ایم کے عامر صدیقی نے کہا کہ کے الیکٹرک کے بلوں کے ذریعے کراچی کے عوام پر 50 ارب روپے کا بوجھ ڈالا گیا ،نیپرا یہ فیصلہ واپس لے ، نیپرا نے 18 جولائی کو حکم نکالا یہ کراچی کے کاروبار کو ختم کرنے کی سازش ہے ، ہماری صنعتیں دیگر صوبوں میں منتقل ہو رہی ہیں، کے الیکٹرک کی اپنی نااہلی ہے ، بجلی چوری کے 50 ارب روپے کراچی کے شہریوں سے وصول کیے جا رہے ہیں، آئین میں کہیں نہیں لکھا ہے کہ اجتماعی سزائیں دی جائیں۔