الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی بارے فیصلہ انتہائی نا مناسب، منیب فاروق

الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی بارے فیصلہ انتہائی نا مناسب، منیب فاروق

لاہور (دنیا مانیٹرنگ)تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ یہ دیکھنا چاہیے کہ کیا ٹرائل کورٹ کے فیصلے معیار پر اترتے ہیں ، اے ٹی اے کے فیصلے میرے نزدیک اس پر پورے نہیں اترتے ، 9 مئی بے شک پاکستان کی تاریخ میں برا ترین دن تھا ، لیکن فیصلے میں ثابت کرنا ہوتا کہ وہ کسی دبائو کے تحت تو نہیں دیئے جا رہے ۔

دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ٹرائل کورٹ کے فیصلے اکثر ہائی کورٹس یا اوپر کی عدالتوں میں رد کر دیئے جاتے ہیں ، ڈیفنس اپنے کلائنٹ کے لیے کچھ نہ کچھ نکتہ نکال ہی لیتا ہے ، یہ فیصلے اصل میں ملکی سیاسی ماحول کے مطابق دکھائی دیتے ہیں ، تین سالوں سے پاکستان کی ایک بڑی سیاسی جماعت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان تنائو نظر آتا ہے ، بد قسمتی سے ابھی تک اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ، انہوں نے کہا الیکشن کمیشن اگر کوئی فیصلہ دینا چاہتا ہے تو اسے روکا نہیں جا سکتا ، آپ اس سے انکار نہیں کر سکتے ، مجھے ایسا دکھائی دیتا ہے کہ الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی بارے فیصلہ انتہائی جلد بازی میں نا مناسب دیا گیا ، انہیں سرے سے ہی فارغ کر دیا گیا کہ کوئی مخصوص سیٹ ہی نہیں دی گئی ۔شاید یہ عدالتی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ ہو۔ تجزیہ کار چودھری غلام حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا ایک پیٹرن یہ چل رہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کو کچلنا ہے ، یہ چاہتے ہیں راتوں رات ان کے ایم این ایز ، ایم پی ایز حتیٰ کہ کے پی کے حکومت کو بھی ختم کر دیا جائے ، یہ ہی ان کی پالیسی ہے ، لیکن یہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکتے ، یہ عوام کی طاقت کو کبھی ختم نہیں کر سکیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں