قائمہ کمیٹی امور کشمیر نے لیز لینے والے افراد ،اداروں کی فہرست مانگ لی
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان اور ریاستیں و سرحدی علاقہ جات نے کہا ہے کہ سابق فاٹاکے حوالے سے وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کے مینڈیٹ خصوصاً جرگہ نظام کی بحالی اور سول انتظامیہ کو مضبوط بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی جائے۔
کمیٹی نے محکمہ صنعت و معدنی وسائل آزاد کشمیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے لیز کے طریقہ کار اور آزاد کشمیر میں لیز حاصل کرنے والے افراد یا اداروں کے ناموں کی تفصیلات طلب کر لیں۔کمیٹی کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین حاجی امتیاز احمد چودھری کی زیر صدارت ہوا ، کمیٹی نے جرگوں اور کمیٹیوں کے قیام اور آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ معدنی وسائل کے تفصیلی جائزے کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا ۔