دشمن پاکستان سے شکست کھانے کے بعد تلملاتا نظر آ رہا ہے

دشمن پاکستان سے شکست کھانے کے بعد تلملاتا نظر آ رہا ہے

(تجزیہ: سلمان غنی) عسکری محاذ پر پاکستانی فوج کے ہاتھوں شکست فاش کے بعد بھارت اپنے روایتی انداز میں پاکستان کیخلاف ہائبرڈوار کے ذریعے سرگرم ہے اور اس کا مقصد پاکستان کے اندر اتحاد یکجہتی کی فضا پر اثر انداز ہونے کے ساتھ یہاں مختلف علاقوں میں دہشت گردی اور تخریب کاری کے ذریعہ ایسی فضا طاری کرناہے کہ جس سے دنیا میں پاکستان کا امیج متاثر ہو۔

اس امر کا تجزیہ ضروری ہے کہ بھارت کی جانب سے ہائبرڈ وار کے مقاصد کیا اور ان کا سدباب کیسے ممکن ہوگا۔ بلاشبہ ہائبر ڈوار کا مقصد دشمن کا کسی بھی ملک کے اندر اپنے مذموم ایجنڈا کے تحت نفرت اور انتشار پھیلانا ہوتا ہے ۔پاکستان کے حالات کا جائزہ لیں تو ایک عرصہ سے دیکھنے میں آ رہا ہے کہ بھارت اپنے روایتی انداز میں سوشل میڈیا کا سہارا لیکر ریاستی اداروں کیخلاف سرگرم ہے اور اس بارے پاکستان کے پاس مصدقہ شواہد موجود ہیں کہ ان مذموم عزائم کی تکمیل کے پیچھے کروڑوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کا دشمن شکست کھانے کے بعد تلملاتا نظر آ رہا ہے اور وہ بدلہ لینے کی آگ میں جلتا دکھائی دے رہا ہے اور اپنی پراکسی کو بلوچستان اور پختونخوامیں سرگرم کئے ہوئے ہے جس کا مقابلہ فوج نے کرنا ہے لیکن ہائبرڈ وار سے نمٹنے کی ذمہ داری پوری قوم کی ہے اور دشمن کے مذموم ایجنڈا کا نچوڑ قومی جذبہ سے کرنا پڑے گا اور یہ کام پاکستانیت کے جذبہ سے ہی ہو سکتا ہے ۔بلاشبہ یہ ایسا پوشیدہ خطرہ ہے جس کا مقابلہ کرنا اور خود کو اس میں محفوظ بنانا ملکوں کیلئے بہت مشکل ہو گیا ہے لیکن اس حقیقت سے انحراف ممکن نہیں کہ یہ کام منظم انداز میں ہو رہا ہے اور اس حوالے سے بنیادی ذمہ داری تو حکومتوں اور بعض اداروں کی ہوتی ہے کہ وہ اس مذموم عمل کا جائزہ لیں دشمن کے عزائم کو سمجھیں اور اسکے سدباب کیلئے ممکنہ اقدامات کریں۔خصوصاً دشمن کی جانب سے قوم کے اندر تقسیم پیدا کرنے کے عمل کے جواب میں اتحاد و یکجہتی کا ایسا جذبہ پیدا کریں کہ دشمن کے عزائم دفن ہوں شاید حکومتوں کے پاس اس خطرناک رحجان کے سدباب کیلئے وقت نہیں لہذا آج کی بڑی ضرورت یہی ہے کہ ہائبرڈ وار سے نمٹنے کیلئے یونیورسٹیز، کالجز اور سکولوں میں نوجوانوں کو اس حوالے سے الرٹ کیا جائے انہیں بتایا جائے کہ دشمن کے پراپیگنڈا کے مقاصد کیا ہیں ۔سٹیک ہولڈرز اور یوتھ کا نام لیکر تنظیمیں بنا کر اپنے ایجنڈے کے تحت بھاری رقوم فراہم کی جاتی ہیں اور ذہن سازی کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔اگر پاکستان کے موجودہ حالات اور سیاسی رحجانات کا جائزہ لیا جائے تو دیکھنے میں آ رہا ہے کہ پاکستان جیسے نظریاتی ملک اور خصوصاً نیو کلیئر پاور کو اندر سے کمزور کرنے کیلئے ایک طرف جہاں ہائبرڈ وار کا سہارا لیا جا رہا ہے تو دوسری جانب پاکستان کے اندر خصوصاً دو صوبوں بلوچستان اور پختونخوامیں دہشت گرد تنظیموں کو بروئے کار لا کر دشمن اپنا مذموم کھیل کھیل رہا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں