9مئی :سزاؤں کا خیر مقدم ، انصاف کی جیت ہوئی ،عطا تارڑ
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ نے کہاہے کہ9 مئی کے ذمہ داروں کو سزائیں ہوئی ہیں آئندہ کوئی بھی 9 مئی جیسی گھنائونی سازش کرنے کی کوشش نہیں کر سکے گا۔
ان ملزموں کو آئین و قانون کے مطابق سزائیں ہوئی ہیں، اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔جمعرات کو انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے حوالے سے اہم گفتگوکرتے ہوئے انہو ں نے کہاکہ آج قانون کی حکمرانی اور قانونی دفعات پر عمل درآمد کی فتح کا دن ہے ۔9 مئی کے حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود تھے ۔اس ملک میں انصاف کے نظام کی جیت ہوئی ہے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ جو لوگ سمجھتے تھے کہ وہ قانون سے مبرا ہیں، وہ اس طرح کے حملے کریں گے اور کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں ہوگی، آج ان کے خدشات غلط ثابت ہوئے ہیں، ان سزائوں کے بعد آئندہ کوئی جرات نہیں کرسکے گا کہ وہ دشمن کے ہاتھ مضبوط کرے ۔ان لوگوں نے جو زبان استعمال کی اور جو کچھ کیا وہ تمام چیزیں کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کیں۔روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزموں کا ماسٹر مائنڈ جیل میں ہے ۔