پاکستان میں تیل کی تلاش، 13 کمپنیوں کو نئے ٹھیکے
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہاہے کہ پاکستان کے جنوب میں گیس اور تیل کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ 13 نئی کمپنیوں کو پاکستان میں تیل کے ذخائر کی تلاش کے ٹھیکے دئیے گئے ہیں۔
انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے کہاکہ تیل کے ذخائر کی تلاش کیلئے بہت سے ممالک کے ساتھ اشتراک جاری ہے، پاکستان نے حال ہی میں کویت، ترکی سمیت متعدد تیل کمپنیوں کو تیل تلاش کرنے کی اجازت دی ہے۔ سوئی گیس سے بڑے 3 گیس فیلڈ دریافت ہوئے ہیں،حیدرآباد میں تیل و گیس کی تلاش کا کام شروع کیا جاچکا ہے ۔ چین اور امریکا کے پاس وہ ٹیکنالوجی ہے جو تیل و گیس کی موجودگی جلد بتادیتی ہے ۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے توجہ دلاؤ نوٹس میں کہاتھاکہ امریکی صدر ہمیں پاکستان میں ذخائر کا بتا رہے ہیں، حکومت پاکستان کیوں نہیں بتارہی ؟،کیا امریکی صدر بھارت کو کچھ منوانے کیلئے دبا ؤڈالنے کیلئے ایسے بیانات دے رہے ہیں ۔حکومت بتائے کہ ٹرمپ کہہ رہا ہے کہ ایک دن پاکستان بھارت کو تیل برآمد کرسکتا ہے ، ہمارے وزیر کہہ رہے ہیں کہ ابھی پتا چلے گا کہ پاکستان کے پاس تیل و گیس کے کیا ذخائر ہیں۔پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر نے سوال اٹھایا کہ کیا امریکا کے علاوہ بھی کچھ دیگر ممالک کو تیل کی تلاش کے مواقع دئیے جائیں گے ؟۔ وزیرپٹرولیم کا کہناتھاکہ مختلف تیل کمپنیوں کو مواقع دئیے جائیں گے ، پاکستان کے آج تک جتنے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہوئے اس سے 10 گنا صلاحیت موجود ہے۔