سانگھڑ:صحافی خاور حسین کی لاش برآمد،تحقیقاتی ٹیم تشکیل
سانگھڑ (نمائندہ دنیا)کراچی کے ٹی وی رپورٹر خاور حسین کی خون میں لت پت لاش ہفتہ اور اتوار کو سانگھڑ کے نجی ہوٹل کے باہر کار سے برآمد ہوئی۔
پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے قتل اور خودکشی دونوں پہلوؤں پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق خاور حسین چہلمِ شہدائے کربلا کے بعد مجلس میں شرکت کے لیے کراچی سے سانگھڑ آئے تھے ۔ واپسی کے دوران انہوں نے حیدرآباد روڈ پر واقع مرچی 360 کے پارکنگ ایریا میں گاڑی کھڑی کی اور ہوٹل میں واش روم گئے ۔ واپسی پر پانی کی بوتل لے کر گاڑی میں بیٹھ گئے لیکن کافی دیر تک واپس نہ آئے ۔ ہوٹل عملے نے گاڑی چیک کی تو خاور حسین کی لاش خون میں لت پت پائی گئی۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور بڑی تعداد میں شہری موقع پر پہنچ گئے ۔ ایس ایس پی سانگھڑ عابد بلوچ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تمام قانونی کارروائی اپنی نگرانی میں مکمل کروائی اور لاش کو سول اسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت گولی لگنے سے واقع ہونا قرار دی گئی۔ بعد ازاں لاش کو حیدرآباد کے سردخانے منتقل کر دیا گیا کیونکہ خاور حسین کے والدین اور بھائی امریکا میں مقیم ہیں اور ان کی آمد کے بعد تدفین کی جائے گی۔آئی جی سندھ کے حکم پر دو ڈی آئی جی افسران کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو واقعے کے تمام پہلوؤں کی چھان بین کرے گی۔ مرحوم کی دونوں بیوائیں، دو بیٹے اور بہنیں سانگھڑ میں موجود ہیں۔ پولیس نے ان کے گھر کا ریکارڈ سیل کر لیا ہے جبکہ اہلِ خانہ نے غیرجانبدارانہ انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔