ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ سیاسی کمیٹی کریگی :سلمان اکرم راجہ

ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ سیاسی کمیٹی کریگی :سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان نے عمر ایوب کی جگہ قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی جبکہ شبلی فراز کی جگہ سینیٹ میں اعظم سواتی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خان نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کی صوابدید پر چھوڑ دیا ، سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں کمیٹی کے ارکان فیصلہ کریں گے کہ آئندہ ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لیا جائے یا نہیں۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے 5 نام طلب کیے ہیں، جن میں ایک کا انتخاب وہ خود کریں گے اور اسے ہی اپوزیشن لیڈر نامزد کیا جائے گا۔پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہرنے کہا ہے کہ خزاں میں درختوں سے اتنے پتے تیزی سے نہیں گرتے جیسے ہمارے اراکین اسمبلی نااہل کیے گئے ۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن میں ہم نے 170 سیٹیں جیتیں، اسمبلی میں گئے تو91 سیٹیں تھیں، اب ہمارے اراکین اسمبلی کی تعداد 76 ہے ، ہمارے اراکین اسمبلی دہشتگرد نہیں ، ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں لیکن اب بس ہونا چاہیے ، جیل میں دہشتگرد کو بھی بنیادی حقوق ملتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بنیادی حقوق نہیں مل رہے ۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی جو فیصلہ کرتے ہیں وہی ہمارا فیصلہ ہوتا ہے ، ہم تحریک بھی چلائیں گے ، کورٹس بھی جائیں گے ، دیکھتے ہیں کب تک ریلیف ملے گا، ہماری کوشش جاری رہے گی۔بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہم عالمی عدالت انصاف میں جارہے ہیں،ہم تو چاہ رہے تھے کہ سپریم کورٹ سن لے ،ہمیں ملک سے باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑنی چاہئے ،ہماری اپنی کورٹس کو ہمیں انصاف دینا چاہئے ،ہم عدالت میں یہ بات کرنا چاہ رہے تھے لیکن جج صاحب نے کہاکہ میں فیملی سے بات نہیں کروں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں