سیلاب متاثرین کو6ماہ بجلی بل معاف کئے جائیں،گورنر پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر،آئی این پی)گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے ننکانہ صاحب ودیگرسیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں راشن و کھانے پینے کی اشیا تقسیم کیں۔
گورنر نے ننکانہ صاحب ،جہلم، چکوال، حافظ آباد کے اضلاع میں جاری سیلابی صورتحال کا جائزہ لیااور اس موقع پرکہا سیلاب متاثرین کو6 ماہ کے بجلی بل اور زرعی ٹیکس معاف کئے جائیں تاکہ انہیں ریلیف مل سکے ۔ا نہوں نے کہاحکومت سے سیلاب زدہ زرعی زمینوں کے ٹیکس ہر صورت معاف کرائوں گا،سیلاب متاثرین کیلئے چھ ماہ کے بجلی بلوں کو بھی معاف کرانے کی کوشش کرینگے ۔ صدر آصف زرداری نے پنجاب کی سیلابی صورتحال پرہدایت کی ہے کہ پی پی رہنما سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے جاری رکھیں اور ہر ممکن امدادکریں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بھی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرینگے ۔مخیر حضرات بھی بڑھ چڑھ کر سیلاب زدہ بہن بھائیوں کی مدد کریں۔ گورنر نے کہا تمام سیاسی جماعتوں کو ملکر سیلاب متاثرین کیساتھ کھڑا ہونا ہوگا ، جو بھی سیاسی بیان بازی کرے گا وہ سیلاب زدگان کا دشمن ہو گا، یہ وقت سیاست نہیں میدان میں اتر کر متاثرین کی امداد اور بحالی کا ہے ،جب تک سیلاب متاثرین اپنے گھروں کو واپس نہ پہنچ جائیں، ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے ۔ پنجاب کے تمام ادارے ، مشینری اور پاک فوج کے دستے متاثرین کی مدد کیلئے دن رات مصروف ہیں ۔