بلوچستان میں ہڑتال، اہم شاہراہیں بند، جھڑپیں ، سینکڑوں گرفتار

بلوچستان میں ہڑتال، اہم شاہراہیں بند، جھڑپیں ، سینکڑوں گرفتار

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سات سیاسی جماعتوں کی اپیل پر 2ستمبر کو بلوچستان نیشنل پارٹی کے جلسے میں ہونیوالے خودکش حملے کیخلاف گزشتہ روز شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔۔۔

 جس کے باعث صوبے کے بیشتر شہروں میں کاروباری و تجارتی مراکز مکمل طور پر بند اور سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی، بڑی شاہراہوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے آمد و رفت معطل کر دی گئی،جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہوگئے جبکہ سینکڑوں کارکنوں کو گرفتارکرلیاگیا۔ بی این پی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور مجلس وحدت المسلمین نے خودکش حملے کو بلوچستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت کو نشانہ بنانے کی سازش قرار دیتے ہوئے صوبے بھر میں احتجاج کی کال دی تھی جبکہ جمعیت علما اسلام، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی، پشتون تحفظ موومنٹ، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی اور دیگر جماعتوں نے حمایت کی۔بلوچستان کے طول و عرض میں مؤثر ہڑتال کی گئی ،جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ۔کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، لورالائی، دکی، مستونگ، قلات، سوراب، خضدار، خاران، واشک، چاغی، نوشکی، پنجگور، تربت، گوادر، سبی، نصیرآباد ،جعفرآباد، کوہلو اور دیگر اضلاع میں بیشتر کاروباری مراکز اور تجارتی مراکز بند رہے ، سڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر تھی۔حکومت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کیں اور پولیس اور مظاہرین کے درمیان مختلف مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔ایئر پورٹ روڈ سریاب، روڈ مغربی بائی پاس، جناح روڈ اور دیگر مقامات پر پولیس نے سڑکیں کھلوانے کی کوشش کی تو کارکنوں نے پتھراؤ کیا ، پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔ جھڑپوں کے دوران ایس ایچ او قادر قمبرانی پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے جبکہ پولیس کی ایک گاڑی کو نقصان پہنچا،متعدد کارکن بھی زخمی ہوئے ۔ پولیس نے ایئر پورٹ روڈ، سریاب روڈ اور سٹی ایریا سمیت کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے 30 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ 7جماعتوں کاکہناہے کہ ان کے سینکڑوں کا رکنوں کو حراست میں لیاگیاہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...