9مئی کیس کا ایک اور فیصلہ:یاسمین راشد،اعجاز چودھری ،محمود الرشید،عمر سرفرازکو10،10،خدیجہ شاہ کو5سال قید

9مئی  کیس  کا  ایک  اور  فیصلہ:یاسمین  راشد،اعجاز  چودھری ،محمود  الرشید،عمر سرفرازکو10،10،خدیجہ  شاہ کو5سال  قید

لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی کو جناح ہاؤس کے باہر سابق جج مظاہرنقوی کی گاڑی جلانے کے مقدمے کا بھی فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد ،اعجاز چودھری ،میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کو 10,10 سال ، خدیجہ شاہ کو 5سال قید کی سزا کا حکم سنا دیا ۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی اور روبینہ جمیل سمیت 21 ملزموں کو بری کردیا ۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں 9مئی کے ایک اور مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پریاسمین راشد ،اعجاز چودھری ،عمر سرفراز چیمہ ، محمود الرشید کو دس دس سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے خدیجہ شاہ کو 5 سال قید کی سزا سنائی جبکہ روبینہ جمیل اور ملزمہ افشاں طارق کو بری کردیا۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی کو تیسرے مقدمے سے بھی بری کردیا۔ اس سے قبل عدالت شاہ محمود قریشی کو نو مئی کے دو مقدمات میں بری کرچکی ہے ۔ عدالت نے پچاس سے زائد گواہوں کے بیانات کو قلمبند کیا۔

گواہوں نے عدالت کو بتایا کہ ملزم جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہیں انکے خلاف ثبوت موجود ہیں جس کے بعد عدالت نے گواہوں کے بیانات اور ثبوتوں کا جائزہ لیا اور جرم ثابت ہونے پر 18 مجرموں کو قید کی سزا سنائی جبکہ 21 ملزموں کو بری کردیا ۔تھانہ سرور روڈ کے جیل ٹرائل کا فیصلہ سناتے ہوئے 21 ملزموں کو بری کر دیا گیا جس میں ،شاہ محمود قریشی ،روبینہ جمیل ، افشاں طارق ،روہینہ الیاس، محمد عمیر،نعیم اختر، فرمان امانت،عمر بلال ،سعد اللہ ،قاسم ،کاشف احمد ،حافظ محمد احسان ،امیر گل،خلیل الرحمٰن ،عامر یاسین،علی حسن ،محمد قاسم ،طیب علی ،یار خان، بلال ذولفقار اور میاں ہارون اکبر شامل ہیں جبکہ جن 18 ملزموں کو 10 سال سزائیں سنائی گئیں ان میں محمود الرشید ، ڈاکٹر یاسمین راشد ،عمر سرفراز چیمہ ،اعجاز چودھری،جنید علی،سلامت خان،نجم شاہد،سعود جاوید، فیصل یوسف،ہارون، احمد مرسلین، الٰہی بخش ،رانا طلال ، رانا تنویر ،حمزہ سہیل ،عثمان اسلم اور فرحان عزیز شامل ہیں ۔تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمے کا چالان جمع کروایا جس میں 39 ملزموں نے ٹرائل مکمل کروایا تھا ۔اس سے پہلے بھی عدالت نے یاسمین راشد ،اعجازچودھری، محمودالرشید ، عمرسرفراز کو 10، 10 سال سزا سنائی تھی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں