زرداری کا چین میں جے 10جنگی طیاروں کے کمپلیکس کا دورہ

زرداری کا چین میں جے 10جنگی طیاروں کے کمپلیکس کا دورہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری نے چین کے ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن کے ائیرکرافٹ کمپلیکس کا دورہ کیا۔ اعلامیے کے مطابق صدر مملکت مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے کمپلیکس پہنچے۔

ائیرکرافٹ کمپلیکس میں جے 10 سی طیارے تیار کیے جاتے ہیں اور جے 10 سی نے حالیہ معرکئہ حق میں کلیدی کردار ادا کیا، صدر کو بریفنگ دی گئی۔صدر کا کہنا تھاکہ جے 10 اور جے ایف17 نے پاک فضائیہ کو مضبوط بنایا، مئی 2025 کے معرکۂ حق اورآپریشن بنیان مرصوص میں ان طیاروں کی کارکردگی شاندار رہی۔صدر نے اے وی آئی سی کوچین کی ٹیکنالوجی اور پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کی علامت قرار دیا۔ اعلامیے کے مطابق صدر زرداری پہلے غیرملکی سربراہ ہیں جنہوں نے اس کمپلیکس کا دورہ کیا، بلاول بھٹو، خاتون اول آصفہ بھٹو اور سینیٹرسلیم مانڈوی والا بھی صدر کے ہمراہ تھے ۔صدر نے چین کے شہر چینگڈو سے میانیانگ تک ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کیا، جو تقریبا آدھے گھنٹے میں مکمل ہوا۔سفر کے دوران صدر کو ٹرین کے نظام، سروسز، حفاظتی اقدامات اور ماحولیاتی فوائد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق حکام نے بتایا کہ چین کے پاس دنیا کا سب سے بڑا ہائی سپیڈ ریلوے نیٹ ورک ہے جو 45 ہزار کلومیٹر سے زائد پٹریوں پر مشتمل ہے اور سالانہ دو ارب سے زیادہ مسافروں کو سہولت فراہم کرتا ہے ۔ یہ ٹرینیں 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہیں اور تقریبا تمام بڑے چینی شہروں کو آپس میں جوڑتی ہیں۔ زرداری نے چین کی پائیدار اور مضبوط ٹرانسپورٹ میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ جدید اقدامات دیگر ممالک خصوصا پاکستان کے لیے قیمتی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔قبل ازیں پاکستان کی خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری شنگھائی پہنچ گئیں،بلاول بھٹو زرداری بھی ہمراہ تھے ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے بیان کے مطابق شنگھائی ایئرپورٹ پر خاتونِ اول اور بلاول کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ شنگھائی کے فارن افیئرز آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شنگھائی میونسپلٹی نے ان کا استقبال کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں