مشن نور کا شوشہ پتہ نہیں کس نے چھوڑا :بیرسٹر گوہر
راولپنڈی (خبر نگار) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہمارا ریاست مخالف کوئی ایجنڈا نہیں، پارٹی بانی کی ہدایات پر چلتی ہے ،سوشل میڈیا پر نہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا واضح موقف ہے کہ جو چیز امت مسلمہ کو مضبوط کرے ہم اس کی حمایت کرتے ہیں۔مشن نور کا شوشہ پتہ نہیں کس نے چھوڑا ہے ، ہمیں نہیں معلوم ۔اس بارے میں پارٹی سطح پر اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ بانی پی ٹی آئی سے وکلا ملاقات کا آج منگل کا دن ہے ۔ کوارڈینیٹر انتظار حسین پنجوتھا نے چھ وکلا کے ناموں کی فہرست جیل حکام کو بھجوا دی۔بیرسٹر گوہر ، سلمان اکرم راجا ،علی اعجاز بٹر ،نیاز اللہ نیازی ،علی بخاری ،سمیر کھوسہ کا نام بھی فہرست میں شامل ہے ۔