2کروڑ 40 لاکھ افراد کی ذہنی صحت دیکھ بھال کی ضرورت :صدر
ہر پانچ میں سے ایک شخص ڈپریشن کا شکار، 500 ماہر نفسیات عوام کیلئے ناکافی آئیں مل کر ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جس میں ہر فرد کو جینے کا حق ہو، پیغام
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آج جب دنیا یوم عالمی ذہنی صحت منارہی ہے ، میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے ان تمام افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں جو ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے یوم عالمی ذہنی صحت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس سال کا موضوع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ذہنی صحت کوئی الگ تھلگ مسئلہ نہیں بلکہ یہ ہماری ذاتی فلاح، خاندانی استحکام، معاشرتی ہم آہنگی اور قومی ترقی کی بنیاد ہے ،صدر نے کہا کہ پاکستان میں تقریبا 2 کروڑ 40 لاکھ افراد کو کسی نہ کسی قسم کی ذہنی صحت کی دیکھ بھال کی ضرورت ہے ، ہر پانچ میں سے ایک بالغ فرد ڈپریشن یا پریشانی کا شکار ہے جبکہ شیزوفرینیا اور بائی پولر ڈس آرڈر جیسے شدید مسائل 1 سے 2 فیصد آبادی کو متاثر کرتے ہیں۔ اس کے برعکس پورے ملک میں صرف 500 تربیت یافتہ ماہر نفسیات موجود ہیں جو 24 کروڑ سے زائد عوام کے لیے ناکافی ہیں ، آئیں ہم سب مل کر ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں ہر فرد عزت، امید اور حوصلے کے ساتھ جینے کا حق رکھتا ہو اور جہاں ذہنی صحت کے مسائل کو نظر انداز نہ کیا جائے ۔