پنجاب کے سرکاری سکولوں میں ہراسانی کمیٹیاں بنانے کی ہدایت
ہراسانی کی شفاف تحقیقات،شکایت کنندگان کاتحفظ یقینی بناناکمیٹی کی ذمہ داری ہوگی تعلیمی اداروں کو 10نومبر تک کمیٹیاں بناکر رپورٹ سیکرٹری کو جمع کرانے کی ہدایت
راولپنڈی(خاورنوازراجہ) سکولزایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے راولپنڈی سمیت صوبے بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں ہراسانی کے سدباب کے لیے کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایات جاری کردیں ، تمام تعلیمی اداروں کو 10نومبر تک کمیٹیوں کی تشکیل مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دے دی ،محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری سکولوں میں ہراسانی کے سدباب کے لیے کمیٹیوں کی تشکیل وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کی جارہی ہے ، جو انٹرنیشنل ڈے آف دی گرل چائلڈ کے موقع پر انہوں نے پالیسی دی تھی ،صوبہ بھر کے تمام پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں فوری طور پر ہراسانی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، کمیٹیوں میں تین اساتذہ شامل ہوں گے اور ان میں خواتین کو بھی نمائندگی دی جائے گی ،جنسی ہراسانی کی شکایات کو نمٹانا، شکایت کنندگان کے تحفظ کو یقینی بنانا، شفاف تحقیقات کرنا اور اس کا مکمل ریکارڈ ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی کو دینا کمیٹیوں کی ذمہ داری ہو گی ،جس کی روشنی میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت دی ہے کہ تمام تعلیمی ادارے 30 یوم تک کمیٹیوں کی تشکیل مکمل کر کے رپورٹ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو جمع کرائیں۔