رانا ثنا کی سیاسی جماعتوں میثاق پاکستان کیلئے اتحاد کی دعوت

رانا ثنا کی سیاسی جماعتوں میثاق پاکستان کیلئے اتحاد کی دعوت

پی ٹی آئی بیانیہ پرقائم رہے تاہم تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کیلئے کھڑی ہوں ہمیں داخلی استحکام کی پہلے سے زیادہ ضرورت :فیصل آباد میں پریس کانفرنس

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر ،نمائندگان دنیا)مشیر وزیراعظم اور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق پاکستان کیلئے سر جوڑ کر بیٹھنے کی دعوت دے دی اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی اس ملک میں سیاست کرنا چاہتی ہے تو اگرمگر کے بغیر پاکستان اورمسلح  افواج کے ساتھ کھڑی ہو، اس سے آگے جا کر ان کیلئے بھی اسی میں سے کوئی راستہ نکل آئے گا۔فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ مودی کے آپریشن سندور کے آلہ کار کے ٹھکانے ہمسایہ ملک میں آپریشنل تھے ، ہمسایہ ملک کو بار بار تنبیہ کی جاتی رہی، کئی بار کہا کہ آپ کو پاکستان اور دہشتگردوں کے درمیان فیصلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جارحیت کا آغاز افغانستان سے ہوا، پاکستان کی مسلح افواج دفاع کیلئے پوری طرح تیار تھیں اورفیلڈمارشل عاصم منیر کی دلیرانہ لیڈرشپ سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ آج ہمیں داخلی استحکام کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے ، تمام سیاسی جماعتوں، قائدین اور پارلیمنٹیرینز کو دعوت دیتا ہوں آئیں اور میثاق پاکستان پر سرجوڑ کر بیٹھیں،سیاسی جماعتیں خوارج کے ساتھ نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوں ۔ پی ٹی آئی بے شک اپنے بیانیے پر قائم رہے اورہمیں گالیاں دیتی رہے لیکن میثاق پاکستان کیلئے ساتھ بیٹھے اورمشترکہ حکمت عملی بنائیں ۔ پوری دنیا اس وقت پاکستان کی عسکری اور سفارتی قوت کو تسلیم کرتی ہے ، پی ٹی آئی والے بھی پاکستان کی عسکری اورسیاسی قوت کا حصہ بنیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں