پی پی کی سندھ حکومت اور میئرکراچی کیلئے عذاب:حافظ نعیم

پی پی کی سندھ حکومت اور میئرکراچی کیلئے عذاب:حافظ نعیم

ٹریفک چالان پراعتراض نہیں،پہلے معقول نظام،بلدیاتی ادارے با اختیار بنائیں ای چالان کا مسئلہ حل نہ کیاگیا تو مجبوراً احتجاج کرنا پڑے گا:تقاریب سے خطاب

 کراچی (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ  نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور قابض میئر اہل کراچی کیلئے عذاب بنے ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی 17سال سے حکومت کر رہی ہے ، جماعت اسلامی با اختیار شہری حکومت کا نظام چاہتی ہے ، لاڑکانہ ہو، شکار پور یا حیدر آباد اور کراچی بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنایا جائے ، 17سال میں کراچی کیلئے صرف 400بسوں سے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، ای چالان کا مسئلہ اگر بات چیت سے حل نہ ہوا تو مجبوراً احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا، صحت ہماری بنیادی ضرورت ہے ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میڈیا میں آپس میں نورا کشتی کرکے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن اصل میں یہ دونوں ایک ہیں۔

حافظ نعیم نے گلبرگ ٹاؤن کے تحت فیڈرل بی ایریا بلاک 18ثمن آباد ہیلتھ کیئر یونٹ کے افتتاح کے موقع پر تقریب اور بلاک 8عزیز آباد میں شاہراہ نعمت اللہ خان کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چالان پر کوئی اعتراض نہیں، قانو ن کی خلاف ورزی پر چالان ہوں لیکن پہلے ٹریفک کا معقول نظام ہونا چاہئے ، شہر کا انفرا اسٹرکچر صحیح ہونا چاہیے ،سستی اور معیاری ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ نلکوں میں پانی دستیاب نہیں،ٹینکر مافیا اربوں روپے کمارہی ہے ، 18,18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ،سڑکیں دھول مٹی سے اٹی ہوئی ہیں، شہری شدید ذہنی اورجسمانی اذیت کاشکار ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں