پنجاب اسمبلی :شناختی کارڈ پر بلڈ گروپ درج کرنیکی قرارداد منظور
دی یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ ایمرجنگ سائنسز بل بھی منظور فوج کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی ،اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کااجلاس 2گھنٹہ 2منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔مفاد عامہ سے متعلقہ شناختی کارڈ پر خون کے گروپ درج کرنے کے متعلق قرارداد پنجاب اسمبلی سے متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔پنجاب اسمبلی میں فوج کے شہدا کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، اجلاس کے آغاز پر ہی وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال نے دو بل ایوان میں پیش کئے ،دی پنجاب ایمرجنسی سروس ترمیمی بل 2025 اور دی فارسٹ ترمیمی بل 2025ء سپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل جل کر اسمبلی کی افادیت کم کرنے میں حصہ دار بن رہے ہیں،جواب تاخیر سے دینے والے ذمہ داروں کو استحقاق کمیٹی میں بلاؤں گا، وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے آئندہ سوالات کے جوابات بروقت دینے کی یقین دہانی کروا دی، حکومتی رکن اسمبلی امجد علی جاوید نے ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سہولیات کی عدم موجودگی کی نشاندہی کی جواب میں وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی موجودگی اور بہترین سہولیات کا دعویٰ کردیا، ان کا کہنا تھا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے اور بجٹ دگنا کردیا ۔
وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کوٹلی ستیاں میں نرسز اور ایکسپریس ٹیکنیشن کی تعیناتی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ نئے سروس کورس کے تحت مجھے کچھ وقت دیا جائے تاکہ جہاں جہاں پیرامیڈیکل سٹاف یا نرسز سمیت کسی بھی سٹاف کی ضرورت ہے تو بھرتی کی جائے ، بدقسمتی سے جب بھی سیکرٹریز تبدیل ہوتے ہیں تو پالیسیاں تبدیل ہو جاتی ہیں۔پنجاب اسمبلی کی غیر سرکاری ارکان کی کارروائی کے دوران دی منہاج یونیورسٹی لاہور ترمیمی بل 2025ء ایوان میں پیش کیابل حکومتی ممبر صوبائی اسمبلی سنبل مالک حسین نے ایوان میں پیش کیا، دی کراؤن رڈج یونیورسٹی بل 2025ء ،دی ٹائمز یونیورسٹی ملتان ترمیمی بل 2025 ایوان میں پیش کردیا گیا،دی یونیورسٹی آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس اینڈ ایمرجنگ سائنسز بل 2025ء پنجاب اسمبلی سے منظور ہوگیا، بل حکومتی رکن طارق سبحانی نے ایوان میں پیش کیا،دی مکبر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ترمیمی بل 2025ء پنجاب اسمبلی سے منظور کر لیا۔ پاک سعودی عرب دفاعی معاہدہ کے متعلق خراج تحسین کی قرار داد پنجاب اسمبلی سے متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔شہبازشریف کی شبانہ روز کاوشوں اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی نیک نیتی اور عسکری حکمت عملی کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔پنجاب اسمبلی میں سموگ اور موسمی بیماریوں کے تدارک سے متعلق قرارداد منظور کرلی گئی، پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔