قطر کاخطے میں امن کیلئے اہم کردار :صدر زرداری

قطر کاخطے میں امن کیلئے اہم کردار :صدر زرداری

خلیجی ممالک افرادی قوت ،پائیدار سرمایہ کاری میں تعاون بڑھا سکتے :انٹرویو

 دوحہ، اسلام آباد (دنیا نیوز، سٹاف رپورٹر ) صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قطر نے خطے میں امن کے لئے اہم ثالث کا کردار ادا کیا، قطر کی سہولت کاری سے افغان امن عمل کی راہ ہموار ہوئی۔ صدر نے قطر ی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن اور مکالمے کے فروغ کے لئے قطر کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں ۔پاکستان اور قطر کے درمیان شراکت علاقائی امن، توانائی کے تحفظ اور سماجی ترقی کے لئے سٹر ٹیجک اہمیت کی حامل ہے ، پاکستان اور خلیجی ممالک افرادی قوت کی دستیابی ، مہارت کے فروغ اور پائیدار سرمایہ کاری میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔

قطر نے خصوصاً حماس اور بین الاقوامی فریقوں کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے اور امریکہ اورطالبان کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی، قطر کی سہولت کاری سے افغان امن عمل کی راہ ہموار اور پاکستان کے علاقائی تحفظات سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی۔ صدر نے کہا کہ دوحہ عالمی امن عمل کا مقصد علاقائی اور عالمی سطح پر اشتراکی امکانات پیدا کرنا ہے ۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 90 لاکھ سے زائد خاندانوں کو براہِ راست مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ صدر مملکت دوحہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں