ن لیگ کے سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کر گئے
صحافت، تدریس، سیاست میں طویل خدمات، 2014میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا 2019میں سیاسی گرفتاری ، صدر، وزیراعظم، نواز شریف کی تعزیت
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، دنیا نیوز)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما، سینیٹر عرفان صدیقی 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ عرفان صدیقی دو ہفتے سے سانس کی تکلیف کے باعث علیل اور اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے ۔ عرفان صدیقی صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے ۔ وہ 25 دسمبر 1949 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے ، انہوں نے صحافت، تدریس اور سیاست کے میدان میں طویل خدمات انجام دیں۔ وہ معروف کالم نگار تھے اور ان کے کالم \"نقشِ خیال\" کو علمی، فکری اور سیاسی حلقوں میں غیر معمولی پذیرائی حاصل تھی۔ انہوں نے سابق صدر رفیق تارڑ کے پریس سیکرٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ عرفان صدیقی 2021میں پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر منتخب ہوئے تھے ، وہ ایوان بالا میں حکمران جماعت کے پارلیمانی لیڈر تھے ۔
وہ خارجہ امور کی سینیٹ کمیٹی کے چیئرپرسن، بزنس ایڈوائزری، ہیومن رائٹس، انفارمیشن و براڈ کاسٹنگ، داخلہ اور منشیات کنٹرول سمیت مختلف کمیٹیوں کے رکن تھے ۔ انہیں 2019 میں پی ٹی آئی کے دور حکومت میں سیاسی کیس میں گرفتار کیا گیا اور وہ چند روز نظر بند بھی رہے ۔ عرفان صدیقی کو 2014 میں علمی و قومی خدمات کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔ ادھرمسلم لیگ (ن)کے صدر نوازشریف نے عرفان صدیقی کی وفات پر اُن کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا اپنے انتہائی مخلص، بااعتماد اور وفاشعار بھائی کی وفات پر بڑا دکھ ہے ، عرفان صدیقی سے محبت کا رشتہ تھا، اپنا غم الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، ان کا قلم اصول اور حریت فکر کی دلیل بنا رہا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے ۔
صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا عرفان صدیقی کی پاکستان میں جمہوریت کیلئے بے پناہ خدمات ہیں، ان کی وفات سے پاکستان سنجیدہ مفکر، معلم اور اصول پسند دانشور سے محروم ہوگیا، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کرتے ہوئے کہا پاکستانی سیاست شاندار اور باوقار سیاستدان سے محروم ہو گئی ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ ترجمان پی پی پی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا عرفان صدیقی کے ایصالِ ثواب اور بلند درجات کیلئے دعاگو ہیں۔