دنیا میں ماحولیاتی بہتری کی قابل تقلید مثال بنانا چاہتی ہوں:مریم نواز

دنیا میں ماحولیاتی بہتری کی قابل تقلید مثال بنانا چاہتی ہوں:مریم نواز

وزیراعلیٰ سے ورلڈ بینک کی ماحولیاتی تبدیلی گروپ کی گلوبل ڈائریکٹرویلری ہیکی کی ملاقات ، ماحولیاتی بہتری پر تبادلہ خیال ورلڈ بینک کی پنجاب کو ماحولیاتی شعبے میں بھرپورمعاونت کی پیشکش،ویلری ہیکی نے مریم نواز کو کلائمیٹ لیڈ ر قرار دیدیا

لاہور (دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاہے کہ دنیا میں ماحولیاتی بہتری کی قابل تقلید مثال بنانا چاہتی ہوں۔ وزیراعلیٰ سے ورلڈ بینک کی ماحولیاتی تبدیلی گروپ کی گلوبل ڈائریکٹرویلری ہیکی نے برازیل کے شہر بیلم میں کوپ30 کانفرنس میں ملاقات کی اورماحولیاتی بہتری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ویلیری ہیکی نے پنجاب میں وزیراعلیٰ کے ماحول دوست اقدامات اور جذبے کو سراہا،انہوں نے ورلڈ بینک کی جانب سے ماحولیاتی شعبے میں بھرپور معاونت کی پیشکش کی۔ عالمی بینک نے پنجاب حکومت کو عالمی ماحولیاتی مارکیٹ میں شمولیت کی دعوت دی اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ مریم نواز نے ویلری ہیکی کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی جوکہ انہوں نے قبول کرلی۔

ویلری ہیکی نے وزیراعلیٰ کی تقریر کے نکات کو بھی سراہا اورمریم نواز کو کلائمیٹ چینج وارئیراور کلائمیٹ لیڈر قرار دے دیا۔ ویلری ہیکی کاکہناتھاکہ مریم نواز جنوبی ایشیا سے کلائمیٹ چینج وارئیربن کر ابھری ہیں۔ستھرا پنجاب، اے کیوآئی، ٹرانسپورٹ، جنگلات اور جنگلی حیات کے منصوبوں میں تعاون کے لئے تیار ہیں۔ ماحولیاتی بہتری کے منصوبے پنجاب کی عالمی سطح پر شناخت اور عزم کی علامت بن کر سامنے آئے ہیں۔ ایک خاتون وزیراعلی ٰکے طورپر مریم نواز ماحولیاتی شعبے میں عزم وہمت اور تخلیق کی مثال بنی ہیں جس پر خوشی ہے ۔ پنجاب حکومت کا کسی کا انتظار کئے بغیر ماحول کی بہتری کے ایجنڈے پر کام شروع کرنا لائق تحسین ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ویلری ہیکی کے جذبات اور تحسین پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کو خطے ہی نہیں، پوری دنیا میں ماحولیاتی بہتری کی ایک قابل تقلید مثال بنانا چاہتی ہوں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں