بشریٰ بی بی بارے 10فیصد مواد سامنے لائے:بشریٰ تسکین
انٹر ویوز میں بہت سی چیزیں چھاپی نہیں جا سکتی تھیں،معلومات حیران کن تھیں بشریٰ کے پاس روحانی طاقت ہوتی تو ان کایہ حال نہ ہوتا ، شریک مصنفہ کی گفتگو
لاہور(این این آئی)دی اکانومسٹ کی خصوصی رپورٹ کی شریک مصنفہ بشریٰ تسکین نے کہا ہے کہ خصوصی رپورٹ انٹرویوز کی بنیاد پر ہے اور جو مواد ہمیں ملا اس کا صرف 10 فیصد رپورٹ میں ہے ، بہت سی چیزیں چھاپی نہیں جا سکتی تھیں۔ ٹی وی کے مطابق بشری ٰتسکین نے بتایا کہ پہلے بھی بشری ٰبی بی کے جادو ٹونے پر رپورٹنگ ہوتی رہی ہے لیکن ہم نے اس پر کام شروع کیا تو ہمارے لیے بہت ساری معلومات حیران کن تھیں، سب سے زیادہ بشریٰ بی بی کا روحانی بصیرت کا لبادہ جو اوڑھا ہوا تھا اور عمران خان کو جس طرح انہوں نے کنٹرول کیا تو اس کے نتیجے میں ملک کا جو حال ہوا وہ سب کے سامنے ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سیاسی وعدے صرف باتوں کی حد تک تھے ، ہم نے اس میں سے کسی ایک پر بھی عمل ہوتے نہیں دیکھا، ہم نے ان کی پارٹی کے سینئر ممبران، ان کی کابینہ میں شامل وزراء ، ان کے اراکین پارلیمنٹ سمیت درجنوں افراد سے رابطہ کیا تو اکثریت نے اعتراف کیا کہ عمران خان کی ناکامی کی وجوہات اسٹیبلشمنٹ کے عنصر کے بجائے انتظامی تھیں۔کالے جادو اور سیاست میں مداخلت سے متعلق سوال پر صحافی بشری ٰتسکین نے کہا کہ اگر آپ کو یاد ہو کہ جب بشریٰ بی بی کی شادی ہوئی تھی تو جمائما نے ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں کالے جادو کا تذکرہ تھا لیکن بین الاقوامی میڈیا نے اس معاملے کو اس طرح سے رپورٹ نہیں کیا۔بشری ٰتسکین نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے پاس ایسے ذرائع تھے جو انہیں معلومات فراہم کرتے تھے ، اگر ان کے پاس روحانی طاقت ہوتی تو ان کا، عمران خان، پی ٹی آئی کا اور ان کی حکومت کا وہ حال نہ ہوتا جو اب ہوچکا ہے ۔