آزاد کشمیر : نومنتخب وزیر اعظم فیصل راٹھور نے حلف اٹھالیا : ہم بند کمروں میں بیٹھ کر حکومت نہیں چلائینگے : بلاول
سپیکر نے حلف لیا،پیپلز پارٹی نے عوام کیساتھ دوبارہ رشتہ جوڑنے کی ذمے داری اٹھائی، فیصل راٹھور ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر عمران کو اقتدار دیاگیا تھا، چیئرمین پی پی ، شہباز شریف کی نو منتخب وزیر اعظم کومبارکباد
مظفر آباد، اسلام آباد (دنیا نیوز، نامہ نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک )آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی ،سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی لطیف اکبر نے فیصل ممتاز راٹھور سے حلف لیا، تقریب حلف برداری میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ،گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، فیصل کریم کنڈی، فریال تالپور اور ارکان اسمبلی سمیت اعلیٰ سول قیادت اور عسکری حکام شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل راٹھور کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اتروں گا، پیپلز پارٹی نے عوام کے ساتھ دوبارہ رشتہ جوڑنے کی ذمے داری اٹھائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک آرمی کو خراج تحسین جو جانوں کی قربانیاں دے کر ہمارا دفاع کر رہی ہے ۔ادھر مظفر آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا مظفرآباد میں آپ کا نمائندہ فیصل راٹھور ہے ، فیصل راٹھور نے عوام سے جو وعدے کیے وہ میرے پاس آپ کی امانت ہیں، ہم بند کمروں میں بیٹھ کر آزاد کشمیر کی حکومت نہیں چلائیں گے۔
بھارت سے جنگ کے بعد پاکستان کا اسٹینڈرڈ سب کے سامنے ہے اور مودی دنیا سے منہ چھپا رہا ہے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جب آپ کا نمائندہ آپ کی نمائندگی نہیں کرسکتا تو عوام کو خودجدوجہدکرنا پڑتی ہے ، کشمیرکے عوام جب سراپا احتجاج تھے تو فیصل راٹھور اس کوبھی دیکھ رہے تھے ۔ چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر عمران خان کو اقتدار دیاگیا تھا، میں خود انتخابات میں آپ کے پاس آیا تھا، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان نے مایوس نہیں کیا، جتنا سیاسی شعور کشمیر میں ہے اتنا کہیں نہیں ہے ۔ دوسری طرف وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور مبارکباد دیتے ہوئے وزارت عظمیٰ کے دوران نیک خواہشات کا اظہارکیا۔