سعودی عرب،امارات میں پاکستانی پاسپورٹ پر پابندی لگتے لگتے رہ گئی :وزارت داخلہ

سعودی عرب،امارات میں پاکستانی پاسپورٹ پر پابندی لگتے لگتے رہ گئی :وزارت داخلہ

امارات کے ویزے بند، صرف ڈپلومیٹک، بلیو پاسپورٹ پر مشکل سے ملتے ،ساڑھے 5 لاکھ سے زائد افغان پاکستانی پاسپورٹس پر بیرون ملک مقیم:داخلہ حکام بعض ویزوں کیلئے پیشگی تاریخ لینا پڑتی:امارات، امیگریشن حکام کو مطمئن کرنا لازم، ایف آئی اے کو مزید اختیارات تفویض، بغیروجہ آف لوڈ کی تردید

اسلام آباد(نمائندہ دنیا، نیوز ایجنسیاں) وزارت داخلہ نے کہا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی پاسپورٹ پر پابندی لگتے لگتے رہ گئی،پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کے ویزے بند، صرف ڈپلومیٹک اور بلیو پاسپورٹ پر ویزے مشکل سے ملتے ہیں۔وزرات داخلہ حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افغان شہری پاکستانی پاسپورٹس پر بیرون ملک مقیم تھے ،سعودی عرب اور دیگر ممالک میں افغان شہری پاکستانی بن جاتے ہیں ،وہاں پر افغان شہری اپنے آپ کو پاکستانی ظاہر کرکے جرائم میں ملوث رہے ہیں،یوں جرائم افغان شہری کرتے اور الزام پاکستان کے کھاتے میں آتے رہے ، پاکستانی شہریوں کا بڑے جرائم میں اتنا حصہ نہیں ہوتا۔ قتل، بھتہ ، اغوا برائے تاون اور دیگر بڑے جرائم میں پاکستانی کم ملوث ہوتے ہیں۔ پانچ لاکھ سے زائد افغان شہریوں کا ڈیٹا نادرا کے ذریعے نکالا گیا ہے ۔ اب ہم نے 18 سے 20 کروڑ پاکستانیوں کا ڈیٹا ڈیجیٹل طور پر جمع کر لیا ہے اور ہمارے پاس تمام تفصیلات موجود ہیں۔

وزرات داخلہ حکام نے مزید کہا پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کے ویزے بند ہیں،امارات بڑی مشکل سے صرف ڈپلومیٹک پاسپورٹس اور بلیو پاسپورٹ پر ویزے دے رہا ہے ،امارات اور سعودی عرب میں پاکستانی پاسپورٹ پر پابندی لگتے لگتے رہ گئی۔پاکستانی شہری عرب امارات اور سعودی عرب میں جرائم کرتے اور بھیک مانگتے ہیں۔دریں اثنا پاکستان سے بیرون ملک جانے والے افراد کو ا یئر پورٹس پر آف لوڈ کرنے کا سلسلہ جاری ،وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ اس بابت ایف آئی ا ے کو مزید اختیارات د ئیے گئے ہیں۔ پاکستان کے جتنے بھی شہری بیرون ممالک جارہے ہیں اور ان کے پاس متعلقہ ممالک کے ویزے موجود ہونے کے باوجود امیگریشن حکام کو مطمئن کرنا ہوگا ،بصورت دیگر ان کو آف لوڈ کیا جائے گا ، وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ لوگ یہ معاملات عدالتوں میں لے جارہے ہیں لیکن ہم یہ کیسز لڑ رہے ہیں، پاکستان کے دنیا میں بہتر امیج کے لئے یہ اقدامات کررہے ہیں ۔

دوسری جانب فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے )نے مسافروں کی آف لوڈنگ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی من گھڑت اور گمراہ کن خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی مسافر کو بغیر وجہ یا ذاتی بنیاد پر آف لوڈ نہیں کیا جاتا۔ ترجمان ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ وہ صرف انہی مسافروں کو آف لوڈ کرتا ہے جن کی سفری دستاویزات مشکوک، نامکمل یا جعلی ہوں، یا جن کا سفر کا مقصد غیر واضح یا قانون کے خلاف ہو۔جبکہ متحدہ عرب امارات کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ یو اے ای پاکستانیوں کو ویزے جاری نہیں کر رہا ۔انہوں نے کہا کہ ہر قسم کے ویزوں کے حوالے سے کراچی قونصلیٹ کے ویزا سیکشن میں بہت زیادہ رش ہے ۔ ویزا کی بندش کے حوالے سے اطلاعات بالکل غلط ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بعض نوعیت کے ویزوں کے اجرا کے حوالے سے پیشگی تاریخ لینا پڑتی ہے جو ایک مہینے سے تجاوز کر چکی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں