پیپلز پارٹی نے پنجاب پر دھیان نہیں دیا، کوتاہی تسلیم کرے :اعتزاز

 پیپلز پارٹی نے پنجاب پر دھیان نہیں دیا، کوتاہی تسلیم کرے :اعتزاز

پنجاب پیپلز پارٹی کا گڑھ تھا، عمران سے اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کی غلطی ہوئی امتیاز صفدر ،فیصل میر ، زاہدذوالفقار،شاہدہ جبیں ، عارف خان کا بھی جلسہ سے خطاب

لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پنجاب کی طرف پورا دھیان نہیں دیا،اس کوتاہی کو تسلیم کرنا چاہیے ،پنجاب تو پیپلز پارٹی کا گڑھ تھا،سندھ کے ارکان اسمبلی کو کہتا رہتا ہوں پنجاب کی طرف بھی دھیان دیں،سندھ میں موجود ہونگے تو وفاق میں بھی پارٹی مضبوط ہو جائیگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ فور کے زیر اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یوم تاسیس کے بلاول پارک ایچیسن سوسائٹی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسے میں نظامت کے فرائض رانا اشعر نثار نے ادا کیے جبکہ علامہ یوسف اعوان نے تلاوت کلام سے جلسے کی شروعات کی ،سٹیج پر رانا جمیل منج،فیصل میر،فائزہ ملک،اشرف خان، عزیز الرحمن چن،ذوالفقار علی بدر ،زاہد ذوالفقار،شکیل چنی،یاسر بارا، چودھری ریاض،نصیر احمد،عامر نصیر بٹ،عارف خان، حاجی نواز گڈو ،ذیشان شامی،عمیر بٹ،حمزہ جٹ،طاہرہ جالب،عدنان کھوکھر،شہباز درانی ،منیر ڈگرا،شاہدہ جبیں،انیسہ بانو،عائشہ غوری،ڈاکٹر خیام،صداقت شیروانی،مجید غوری،ڈاکٹر احسن،خالد رانا،ثاقب بٹ،پروین شیخ،ڈاکٹر وسیم میو،رانا ذوالفقار،منشا پرنس،عارف ظفر،عمر ایاز ،راؤ شجاعت، میاں نعیم ظفر سمیت جیالوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔چودھری اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ 97ء میں ہم نے ن لیگ کی حکومت کو اتنا تنگ کیا کہ نواز شریف قومی اسمبلی میں نہیں آتے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے یہ غلطی ہوئی کہ انہوں نے اسمبلیوں سے استعفیٰ دیدیا،تجویز کرتا ہوں کہ چیئرمین بلاول بھٹو مخلص جیالوں پر مشتمل خود احتسابی کمیٹی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ قبل از وقت جنگ کر کے ورکرز کو تھکانا نہیں چاہیے ۔ امتیاز صفدر وڑائچ نے خطاب میں کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے مزدور،کسان اورغریبوں کیلئے روٹی،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر پیپلز پارٹی کی لاہور میں بنیاد رکھی اورسر زمین بے آئین کو ملک کا پہلا متفقہ آئین دیا ، ون مین ون ووٹ کو عملی شکل دی، تمام تر دھمکیوں کے باوجود ایٹم بم بنانے کی بنیاد رکھی،آج بھارت کے طیارے بھٹو کی لگائی فیکٹری میں بنے طیاروں سے گرائے گئے ہیں۔اس موقع پر پنڈال وزیراعظم بلاول،شیروں کا شکاری زرداری اور سب سے یاری زرداری کے نعروں سے گونجتا رہا ۔ فیصل میر نے کہا کہ ایوبی مارشل لاء،پی این اے ،ضیاء اور مشرف کا مقابلہ کرنیوالے جیالے ہمارا ورثہ ہیں،لاہور کے جیالے آج بھی ن لیگ اور پی ٹی آئی کا مقابلہ کر رہے ہیں ،بلدیاتی انتخابات میں لاہور کے تمام حلقوں میں 5000امیدوار میدان میں اتاریں گے ۔ زاہدذوالفقار،شاہدہ جبیں اور عارف خان نے کہا کہ پارٹی کے اندر اور باہر منافقوں سے جان چھڑانی ہے ،پاکستان کی جان ماضی کی اندھیری قوتوں سے چھڑانی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ زرداری صاحب،بلاول صاحب ن لیگ سے ہماری جان چھڑائیں،جلسے کے آخر میں چیئرمین بلاول بھٹو کی تقریر یہاں بھی براہ راست دکھائی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں