سینیٹ:پی ٹی آئی آئے بات کرے،جمہوریت مذاکرات سے آگے بڑھتی ہے:راناثنا

سینیٹ:پی ٹی آئی آئے  بات کرے،جمہوریت  مذاکرات سے آگے  بڑھتی  ہے:راناثنا

وزیراعظم دو مرتبہ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ، عمران جن سے بات کرنے کے خواہاں وہ نہیں کرنا چاہتے ریاست کیخلاف تحریک کیلئے ملاقاتیں نہیں کرنے دینگے :معاون خصوصی ،ایف بی آر کواکاؤنٹس تک رسائی کا حق :طارق فضل

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور و سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے جمہوریت ہمیشہ مذاکرات سے آگے بڑھتی ہے ، ڈیڈلاک اسے کمزور کرتا ہے ،پی ٹی آئی آئے بات کرے ۔سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی کی سینیٹر مشعال کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا وزیراعظم دو مرتبہ ایوان کے فلور پر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، حتیٰ کہ انہوں نے یہ بھی پیشکش کی کہ اپوزیشن سپیکر چیمبر میں بات کرے تو وہ خود وہاں آ جائیں گے ، وزیراعظم اپوزیشن کو میثاق استحکامِ جمہوریت کے لیے مذاکرات کی بھی دعوت دے چکے ہیں۔انہوں نے جیل ملاقاتوں کے حوالے سے کہا یہ مکمل طور پر قانون اور انصاف کے مطابق ہوتی ہیں اور قانون کسی قیدی کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ جیل میں بیٹھ کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرے ، بانی پی ٹی آئی نے اپنی بہن سے جیل ملاقات میں امن و امان میں خلل ڈالنے اور پارٹی معاملات میں مداخلت کرنے کی ہدایات دیں۔کسی قیدی کو ریاست کے خلاف تحریک چلانے کے لیے ملاقاتوں کی اجازت نہیں دے سکتے ۔

ان کا کہنا تھا یہ بات آن ریکارڈ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے وہ حکومت سے بات کرنے کو تیار نہیں جبکہ جن سے وہ بات کرنا چاہتے ہیں وہ ان سے بات پر آمادہ نہیں۔رانا ثنا کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اپنی بہن سے ملاقات میں خاندانی معاملات پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی بلکہ پیسے کے لین دین اور پارٹی میں شمولیت یا اخراج سے متعلق ہدایات دی گئیں۔انہوں نے کہا ہمارا اصولی مؤقف ہے کہ تمام ملاقاتیں قانون کے مطابق ہونی چاہئیں اور ایسی ملاقاتیں جن سے ریاستی امن و امان متاثر ہو، ان کی اجازت نہیں دی جا سکتی، مذاکرات کا راستہ آج بھی کھلا ہے اگر اس معاملے پر کمیٹی بنانی ہے تو متعلقہ جماعت کو پہلے اپنی قیادت سے بات کرنی چاہیے ۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل نے بتایا ایف بی آر کو تمام پاکستانیوں کے بینک اکاؤنٹس سمیت دیگر تفصیلات تک رسائی کا قانونی حق حاصل ہے ۔سینیٹر اسد قاسم کی جانب سے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی نے کہا ایف بی آر نے فائلرز اور نان فائلرز کو میسجز بھیجے ہیں کہ آپ کے اکاؤنٹس میں اتنی رقم موجود ہے مگر وہ ایف بی آر کے ٹیکس ریٹرن میں ظاہر نہیں ہورہی ۔ انہوں نے کہا ایف بی آر کے سیکشن 165Aاور سیکشن 175Bکے تحت ہر شہری کے اکاؤنٹس کی تفصیلات معلوم کرسکتا ہے ۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ٹیکس گزارسے پوچھنا ایف بی آر کا حق ہے اور بینک سے بھی معلومات لے سکتا ہے ، انہوں نے کہاکہ اس کو مشکل نہ بنایا جائے یہ ٹیکس گزار اور ایف بی آر کے مابین معاملے ہیں اس کو ایشو نہ بنایا جائے ۔ اسد قاسم نے کہا ایف بی آر کا ایک سسٹم ہے ہم اس کو فالو کر رہے ہیں ،یہ ہمارا حق ہے کہ ہماری معلومات افشا نہ کی جائیں ۔جس پر پریذائیڈنگ آفیسر نے معاملہ خزانہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں