پی ایم ڈی سی جائزہ کمیٹی کا پہلا اجلاس رواں ہفتے شیڈول
اسلام آباد (ایس ایم زمان)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے امور کا جائزہ لینے کیلئے نائب وزیراعظم کی زیر سربراہی پندرہ دن قبل تشکیل دی گئی کمیٹی کا ایک بھی اجلاس منعقد نہیں ہو سکا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق رواں ہفتے پہلا اجلاس منعقد ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 19نو مبر کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں پی ایم ڈی سی کے ریگولیٹری امور کے ازسرنوجائزہ اور سفارشات تیار کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اسحاق ڈار کمیٹی کے کنوینر ہوں گے ۔ کمیٹی پاکستان ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹیٹیوشنز کے مسائل ،داخلہ پالیسی، اعتباری معیار اور فیس ڈھانچے سمیت تمام متعلقہ اور ضروری معاملات کا جائزہ لے گی جس کے بڑے مطالبات میں فیس مقرر کرنا اور میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلہ کیلئے ایم ڈی کیٹ امتحان منعقد کرنے کا اختیار شامل ہے ۔