پختونخوا پولیس پر حملوں میں اضافہ رواں سال 510بار ٹارگٹ
پشاور (نمائندہ دنیا)خیبرپختونخوا کے محکمہ انسداد دہشتگردی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں پولیس پر حملوں میں اضافہ ہو گیا اور رواں سال 510 حملے کیے گئے ۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گزشتہ سال پولیس پر 327 حملے ہوئے تھے ۔
رواں سال 25ہائی ویلیو دہشتگرد گرفتار ہوئے جن کے سر پر انعام مقرر تھا۔ خیبر پختونخوا میں رواں سال سی ٹی ڈی انٹیلی جنس آپریشنز کی تعداد میں 3 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ سال 2 ہزار 703 آپریشنز اور 744 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں جبکہ اس سال 2791 آپریشنز کیے گئے اور 1 ہزار 244 ملزمان گرفتارہوئے ، دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں گزشتہ پانچ سالوں کی نسبت اس سال 102 فیصد اضافہ ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال 147 دہشتگرد حملہ ہوئے جبکہ رواں سال 137 حملے ہوئے ہیں، بم دھماکوں کی تعداد 277 سے کم ہو کر 108 رہی، بارودی سرنگیں 420 سے کم ہو کر 43 رہ گئیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق رواں سال دہشتگردی کے درج مقدمات کی تعداد 50 فیصد اضافہ کے ساتھ 1058 سے بڑھ کر 1588رہی، پولیس فورس نے رواں سال دہشتگردی کے 158 حملوں کے جواب میں 320 کارروائیاں کیں۔