پاکستان پوسٹ: 145ارب سرمایہ کاری، آؤٹ سورسنگ پر رائے طلب
اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات نے بین الاقوامی کمپنیوں کے کنسورشیم کی 145 ارب روپے سرمایہ کاری اور پاکستان پوسٹ آفس کے آؤٹ سورس پلان پر وزارت مواصلات سے رائے طلب کی ہے ۔
مجوزہ پلان کے مطابق کنسورشیم نے حکومتی بجٹ کے بغیر پاکستان پوسٹ کو چلانے اور حکومت کو اس کی موجودہ سالانہ آمدن 9 ارب دینے اور اس میں سالانہ 5 فیصد اضافہ کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ بین الاقوامی لاجسٹک کمپنی یو پی ایس، چینی کمپنی زی زینگ ایون فنڈ اور زیڈ کے بی پر مشتمل کنسورشیم نے وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کو پاکستان پوسٹ آفس کی سروسز اور مینجمنٹ آؤٹ سورس کی بنیاد پر لینے کی پیشکش کی ہے ۔ کنسورشیم کے مطابق پاکستان میں لاجسٹک کی مارکیٹ 70 ارب روپے اور فنانشل سروسز کی مارکیٹ 75 ارب روپے ہے ۔ کنسورشیم میں موجود زیڈ کے بی پاکستان پوسٹ انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن، سروسز ڈیلیوری اور فنانشل سروسز میں 145 ارب روپے سرمایہ کاری کرے گی۔