ملکی حالات میں بظاہر بہتری دکھائی نہیں دے رہی:شاہد خاقان
بانی پی ٹی آئی کے جیسی سزائیں ماضی میں بھی دی گئیں، تاریخ قبول کرتی نہ قانون حکومت اپوزیشن سب مل کر بیٹھیں، ملکی ترقی کا راستہ ڈھونڈیں:تقریب سے خطاب
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) سابق وزیراعظم و مرکزی کنوینر عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ملکی حالات میں بظاہر بہتری دکھائی نہیں دے رہی، اس میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، بانی پی ٹی آئی کے جیسی سزائیں ماضی میں بھی دی گئیں، ایسی سزاؤں کو تاریخ قبول کرتی ہے اور نہ ہی قانون، حکومت اپوزیشن سب مل کر بیٹھیں، راستہ ڈھونڈیں کہ ملک کو کیسے ترقی دی جائے ، قوم کی ترقی اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کیلئے معیشت کو مضبوط بنانا ہوگا۔ شاہد خاقان عباسی نے عوام پاکستان پارٹی کی مسیحی برادری کے کرسمس تہوار کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک کی سیاست میں سب نے مل کر آگے بڑھنا ہے ۔ ہم نفاق دور کرنے والوں میں سے ہیں۔ ملک اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے میدان عمل میں آئے ہیں۔ معیشت مضبوط ہوگی تو روزگار ملے گا اور وسائل عوام کی دہلیز پر میسر ہو سکیں گے ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا وزیراعظم اور سیاست دانوں کو بھی سزائیں ملیں، ایسی سزائیں دے دی جاتی ہیں اور بعد میں پتہ لگتا ہے یہ سزائیں غلط دی گئیں، ذوالفقار علی بھٹو کو بھی پھانسی کی سزا ہوئی، 50 سال گزر گئے ، آج تک وہ فیصلہ متنازعہ ہے ۔