پی ٹی آ ئی کے ایم ایل اے میر اکبر دوبارہ ن لیگ میں شامل
آزاد کشمیر میں ن لیگ کو مضبوط،منظم دیکھ کر خوشی ہوئی ،امیر مقام خواہش تھی میراکبر واپس آ ئیں،شمولیت کا خیرمقدم، شاہ غلام قادر، فاروق حیدر
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف آزادکشمیر کے رکن قانون ساز اسمبلی سردار میرا کبر ساتھیوں سمیت دوبارہ مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے ،انہوں نے اپنی شمولیت کااعلان وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ انجینئر امیر مقام نے بھارت کی آبی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آخری حد تک جانے کیلئے تیار ہے، کشمیری پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو مضبوط اور منظم دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ مسلم لیگ آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ سردار میر اکبر خان اپنی پرانی صفوں میں واپس آئیں ،راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ سردار میر اکبر کو مسلم لیگ ن میں خوش آمدید کہتے ہیں، مشتاق منہاس نے کہا باغ میں سردار میر اکبر کی شمولیت سے جماعت مضبوط ہوگی۔ سردار میر اکبر نے کہا کہ امیر مقام اور شاہ غلام قادر سمیت تمام پرانے ساتھیوں کا شکر گزر ہوں ۔