کئی شہروں میں دھند برقرار، کہیں بارش، پہاڑوں پر برفباری
لاہوراور دیگر علاقوں میں بوندا باندی، سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا نوشہرہ ورکاں میں ٹریفک حادثہ ، ٹریکٹر ڈرائیور جاں بحق ،موٹرویز پھر بند
لاہوراسلام آباد،مری (مانیٹرنگ ڈیسک ، اپنے رپورٹرسے ،نمائندہ دنیا ،نیوزایجنسیاں)ملک کے مختلف شہروں میں دھند برقرار ، موٹرویز کو پھر متعدد مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا،دوسری طرف کئی علاقوں میں بارش ،پہاڑوں پر برفباری ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اوربالائی سندھ کے بعض اضلاع میں گزشتہ روز دھند جبکہ پنجاب کے شمال مشر قی اضلاع میں شدید دھند چھائی رہی۔اس دوران گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں کے نواح میں اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی سیم نالے میں گر گئی اور ٹریکٹر ٹرالی تلے دب کر ڈرائیورجاں بحق ہو گیا ۔
ادھر حد نگاہ انتہائی کم ہو نے پر موٹروے پولیس نے ایم 2 کو لاہور سے کوٹ مومن تک ، موٹروے ایم 3 کولاہور سے درخانہ، ایم 5 کوملتان سے ظاہر پیر ،موٹروے ایم 4 کوپنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اورسیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو مکمل بند کر دیا گیا۔ دریں اثناء لاہورسمیت دیگر شہروں میں شدید دھند کے دوران بوندا باندی ہوئی جس سے موسم سرد ہو گیا ۔ اسلام آباد، راولپنڈی ،مری اور دیگر ملحقہ علاقوں میں شام کوبارش ہوئی جبکہ چترال، مہوڈنڈ، چترال اور مالم جبہ میں برفباری کے بعد پہاڑوں اور گلی کوچوں نے سفید چادر اوڑھ لی ،کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ادھر سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری دیکھنے مری پہنچ گئی تاہم برفباری نہ ہوئی تاہم دوسرے روز بھی ہلکی بارش اور ژالہ باری وقفے وقفے سے جاری رہی جبکہ وادی کاغان کے بالائی مقا م ناران میں 6 انچ جبکہ جھیل سیف الملوک اور بابو سر ٹاپ پر ایک فٹ سے زائد برفباری پڑ چکی ہے ۔دریں اثنائآج پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے ۔