ماضی میں پی ٹی وی اقربا پروری کا شکار رہا : عطا تارڑ
پی ٹی وی میں ملازمین بہت زیادہ ،گولڈن ہینڈ شیک سے بہتری آ سکتی ،بریفنگ قائمہ کمیٹی اطلاعات نے تفصیلی غور کے بعد متفقہ طور پر تین بلوں کی منظوری دیدی
اسلام آباد(نامہ نگار)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی وی اقربا پروری، اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی جیسے مسائل کا شکار رہا، آنے والی حکومتوں کی پالیسیوں نے بھی ادارے کو موجودہ مشکلات سے دوچار کرنے میں کردار ادا کیا۔پیر کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین پولین بلوچ کی زیر صدارت ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کمیٹی کو بتایا کہ ناظرین کی تعداد اور آمدن میں اضافے کے لئے نئے اور باصلاحیت چہروں کو متعارف کرایا جا رہا ہے، اس حوالے سے کمیٹی تجاویز دے ۔پی ٹی وی میں ملازمین کی تعداد بہت زیادہ ہے، اس حوالے سے ایک تجویز یہ بھی ہے کہ اگر گولڈن ہینڈ شیک سکیم متعارف کروائی جائے اور ملازمین کو اختیار دیا جائے کہ وہ اسے منتخب کریں، تو اس سے ادارے کی صورتحال کافی بہتر ہو سکتی ہے ۔ کمیٹی نے وزارت اطلاعات کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زیر انتظام موجود تمام قوانین اور ایکٹس کا جائزہ لے تاکہ انہیں وفاقی کابینہ کے فیصلے سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
اس تناظر میں وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری آرڈیننس 2002ء، دی نیوز پیپر ایمپلائیز (شرائط ملازمت)ایکٹ 1973ء اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان آرڈیننس 2002ء میں ترامیم کی تجاویز پیش کیں جن کا مقصد لفظ وفاقی حکومتکی جگہ متعلقہ مجاز اتھارٹیز کو شامل کرنا تھا۔ کمیٹی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد متفقہ طور پر ان بلوں کی منظوری دے دی۔