سی پیک سے پاک چین فاصلے کم ،باہمی ہم آہنگی مضبوط :عطا تارڑ

سی پیک سے پاک چین فاصلے کم ،باہمی ہم آہنگی مضبوط :عطا تارڑ

سڑکوں، پلوں، بندرگاہوں کیساتھ عوامی روابط ، ثقافتی قربت آئی :وفاقی وزیراطلاعات میڈیا سی پیک کی کامیابیوں کا ترجمان، دوستی کے فروغ کا اہم ذریعہ:چینی سفیر کا خطاب

 اسلام آباد (نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) نے ملک میں انفراسٹرکچر، صنعت، سرمایہ کاری اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیا ،سی پیک سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کے درمیان فاصلے کم ہوئے بلکہ باہمی ہم آہنگی مضبوط ہوئی ،9ویں سی پیک میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ خصوصی اور سٹرٹیجک تعلقات کا اعزاز حاصل ہے ، جس کی مثال آئرن برادرز کی اصطلاح ہے ۔ سی پیک نے نہ صرف سڑکوں، پلوں، بندرگاہوں اور صنعتی منصوبوں کی بنیاد رکھی بلکہ عوامی روابط اور ثقافتی قربت کو بھی مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا اور ڈیجیٹل پاکستان ٹی وی کو بطور سٹرٹیجک پلیٹ فارم متعارف کرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران پاکستان کو منظم غلط معلومات کا سامنا رہا، تاہم پاکستانی میڈیا اور ڈیجیٹل ٹیم نے مؤثر حکمت عملی سے عالمی سطح پر بیانیے کی جنگ جیتی۔سی پیک 2.0 کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ پہلے مرحلے کی کامیابی کا تسلسل ہے ، جس میں بزنس ٹو بزنس تعاون کے ذریعے نجی شعبے کو بااختیار بنایا جا رہا ہے ۔ حالیہ دورہ چین میں 8.5 ارب ڈالر کے معاہدے اس کی بڑی کامیابی ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر میڈیا تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔ سی پیک میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کہا کہ سی پیک میڈیا فورم 2015 سے میڈیا تعاون کا موثر پلیٹ فارم بن چکا ، فورم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور عوامی رائے کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا ، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ کا فلیگ شپ منصوبہ بن چکا ۔چینی سفیر نے کہا کہ چین کی معیشت دباؤ کے باوجود مستحکم رہی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جی ڈی پی میں گزشتہ مالی سال 3.04 فیصد اضافہ ہوا، عالمی اداروں نے پاکستان کا کریڈٹ آؤٹ لک بہتر کر دیا، میڈیا سی پیک کی کامیابیوں کا ترجمان اور پاک چین دوستی کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں