بات 5 بڑوں تک آئی ہے تو مذاکرات کی نہ ہی سمجھیں ،بیرسٹر گوہر
راولپنڈی (خبر نگار )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مذاکرات کی بات اگر پانچ بڑوں کی ملاقات تک آ گئی ہے تو اسے نہ ہی سمجھا جائے ۔
پانچ بڑے ملاقات کر سکتے ہیں اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے ۔داہگل ناکہ اڈیالہ روڈ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب ملاقاتیں ہی نہیں کرنے دی جاتیں تو مذاکرات کیسے ہوں گے ؟۔حالات معمول پر لانے کی بھاری قیمت مانگی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جتنی کوشش کی حالات ٹھیک ہوں دوسری طرف سے اتنی ہی کوشش حالات خراب کرنے کے لیے کی گئی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 8 فروری کو پورے ملک میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ہو گی اور بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ پارٹی چیئرمین صرف عمران خان ہیں اور کوئی نہیں، ہمارے ساتھ جو الیکشن کمیشن کا رویہ ہے وہ جبر کے ضابطے ہیں۔ہم تلاوت بھی کریں گے اور آزادی کا نعرہ بھی لگائیں گے ۔یہ طے ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر کوئی مکالمہ آگے نہیں بڑھ سکتا یہ نہیں ہوسکتا دو چار پانچ لوگ بیٹھ جائیں اس کا نتیجہ صفر بٹا صفر ہوگا۔