ریلوے کی روزانہ 300ملین روپے ریکارڈ آمدن:وزیر ریلویز

ریلوے کی روزانہ 300ملین روپے ریکارڈ آمدن:وزیر ریلویز

155ریلوے سٹیشنز سولر پر منتقل، 31دسمبر تک بڑی ٹرینوں کو اپ گریڈ کیا جائیگا ملازمین کے حقوق محفوظ، ریلوے ہسپتالوں میں مفت علاج فراہم کیا جائیگا:حنیف عباسی

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا پاکستان ریلوے تاریخ کی سب سے زیادہ روزانہ آمدن 300ملین روپے حاصل کی، جون تک ایک کھرب روپے آمدن کا ہدف ہے ۔ 155ریلوے سٹیشنز کو سولر انرجی پر منتقل، ریلوے کی مکمل ڈیجیٹائزیشن، آؤٹ سورسنگ، نئے ٹریکس کی تعمیر اور مسافر سہولیات کی بہتری پر عملی کام شروع کر دیا گیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کراچی تا روہڑی 480کلومیٹر نئے ریلوے ٹریک کی تعمیر کیلئے 2ارب ڈالر قرض کی منظوری دی، منصوبہ کا آغاز جولائی میں متوقع ہے ۔ ریکوڈک کے تحت روہڑی تا نوکنڈی 900کلومیٹر ریلوے ٹریک پر کام کیا جا رہا۔ بلوچستان میں 54کلومیٹر پیپلز ٹرین روٹ کا آغاز 4ارب روپے کی لاگت سے کیا جا رہا، پنجاب میں 8ریجنل روٹس قائم کیے جائیں گے ۔ حنیف عباسی نے بتایا کہ راولپنڈی ریلوے سٹیشن کی صفائی اور بہتری مکمل کر لی، 31دسمبر تک تمام بڑی ٹرینوں کو اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔ ریلوے سٹیشنز پر وائی فائی نصب، رابطہ ایپ سے ٹکٹ بکنگ کی سہولت فراہم کر دی۔ 1700کلومیٹر فائبر آپٹک نیٹ ورک بچھایا جا رہا، کراچی اور لاہور ریلوے سٹیشنز کو سیف اینڈ سکیور بنایا جا رہا۔ تمام ملازمین کے حقوق محفوظ ہیں، ریلوے ہسپتالوں میں مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں