اسلام آباد بلدیاتی انتخابات:امیدواروں کے 1کروڑ سے زائد ڈوب گئے
15فروری کو شیڈولڈ انتخابات ملتوی، 4ہزار 270امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے کاغذات نامزدگی کی فیس سرکاری اکاؤنٹس میں جاتی اور ناقابل واپسی ہے :الیکشن کمیشن
اسلام آباد (ایس ایم زمان) اسلام آباد کے مقامی حکومت کے دوسری مرتبہ انتخابات ملتوی ہونے سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے چار ہزار سے زیادہ امیدواروں کی ایک کروڑ روپے سے زیادہ رقم ڈوب گئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں سے کاغذات نامزدگی کی فیس سرکاری اکاؤنٹس میں جاتی اور ناقابل واپسی ہے ، مقامی حکومت کے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے 4 ہزار 270 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ۔ الیکشن کمیشن نے 125 یونین کونسلز امیدواروں سے 90 لاکھ روپے رقم فیس کی مد میں جمع کی ہے ۔ 2022 میں ملتوی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے فیس کی مد میں 30 لاکھ روپے سے زیادہ رقم جمع کی گئی تھی۔ اسلام آباد میں مقامی حکومت کے 15 فروری 2026 کو شیڈولڈ انتخابات ملتوی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق مقامی حکومت کے انتخابات کیلئے امیدواروں سے جمع کردہ رقم الیکشن کمیشن استعمال نہیں کرتا۔ حکام کے مطابق الیکشن کمیشن مقامی حکومت قانون کے تحت انتخابات کراتا ہے اور الیکشن کمیشن نے ازخود انتخابات ملتوی نہیں کیے ۔