سپر ٹیکس کیسز،ایف بی آر کو تحریری جواب جمع کرانے کیلئے آج تک کی مہلت

سپر ٹیکس کیسز،ایف بی آر کو تحریری جواب جمع کرانے کیلئے آج تک کی مہلت

اسلام آباد( کورٹ رپورٹر )وفاقی آئینی عدالت میں سپر ٹیکس سے متعلق کیسز کی سماعت میں عدالت نے ایف بی آر کو تحریری جواب جمع کرانے کے لیے آج تک کی مہلت دے دی۔

ٹیکس پیئر کے وکیل مخدوم علی خان آج بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے ۔وفاقی آئینی عدالت میں سپر ٹیکس سے متعلق کیسز کی سماعت چیف جسٹس امین الدین کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، دوران سماعت وکیل ایف بی آر نے مؤقف اختیار کیا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 4 سی کے تحت ہدف سے کم آمدن پر سپر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا، سب دس فیصد ٹیکس نہیں دے رہے جبکہ ٹیکسٹائل ملز چار فیصد ٹیکس ادا کر رہی ہیں، سلمان اکرم راجہ نے کہا وہ ایف بی آر کے تحریری جواب کا مطالعہ کر کے اپنے تحریری دلائل دیں گے ۔ چیف جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیئے کہ پہلے جو وقت لگایا گیا اسے ضائع سمجھا جائے ، مخدوم علی خان نے کہا اس کی ذمہ داری سرکار پر بنتی ہے ، چیف جسٹس نے کہا الزام کسی پر نہیں لگانا چاہیے ۔ مخدوم علی خان نے مؤقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے آئینی عدالت پر بائنڈنگ نہیں جبکہ آئینی عدالت کے فیصلے سپریم کورٹ پر بائنڈنگ ہیں اور سوال یہ ہے کہ ماضی کے فیصلوں کو کس طرح دیکھا جائے گا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے بھی عاصمہ حامد کے دلائل اڈاپٹ کر لیے ، عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں