سندھ ہائیکورٹ:لاپتا افراد کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کے دوران لاپتا افراد کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں شاہ ولی اللہ اور عبد اللطیف کی بازیابی کے لیے مسمات رابعہ بصری کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ویسٹ، سی ٹی ڈی سول لائن، ایس ایچ او سچل سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ لاپتا شہریوں کو پولیس اہلکاروں نے گھر پر چھاپہ مار کر حراست میں لیا تھا جس کے بعد اہل خانہ نے سچل تھانے سے رابطہ کیا تاہم پولیس اسٹیشن کی جانب سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا۔ درخواست گزار کے مطابق تاحال لاپتا شہریوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایسے معاملات میں قانون کے مطابق فوری طور پر ایف آئی آر درج ہونی چاہیے ۔ عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ لاپتا شہریوں کی گمشدگی کے حوالے سے متعلقہ تھانے سے رجوع کرکے ایف آئی آر درج کرائیں جبکہ مزید قانونی کارروائی قانون کے مطابق کی جائے گی۔