4 ماہ : ایف آئی اے کے 271افسروں، اہلکاروں کو سزائیں
بدعنوانی ،نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں پرسزائیں سنائی گئیں، 74 اہلکار برطرف 57 محکمانہ انکوائریاں زونل ڈائریکٹرز اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز نے مکمل کیں
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )میں کالی بھیڑوں کے خلاف گھیرا تنگ ، 4 ماہ میں 271 افسروں اور اہلکاروں کو سزائیں، سزا پانے والوں میں کانسٹیبل سے لے کر ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے تک کے افسر شامل ہیں۔خود احتسابی کے حوالے سے رپورٹ وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کی خود احتسابی کی جاری مہم کے دوران بدعنوانی کے الزامات پر 15 فیصد اہلکاروں ،نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں پرسب سے زیادہ 37 فیصد کو سزائیں سنائی گئیں، ادارے نے 74 اہلکاروں کو برطرف کیا جبکہ 9 کی نچلے عہدوں پر تنزلی کی گئی۔ایف آئی اے کی جانب سے وزارت داخلہ کو بھجوائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 130 اہلکاروں کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر، وزارت داخلہ و انسدادِ منشیات کی جانب سے معمولی سزائیں بھی دی گئیں۔57 افسروں اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ انکوائریاں زونل ڈائریکٹرز اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز نے مکمل کیں ۔