خسارے والے بجلی فیڈرز سولر پر منتقل کردیئے جائیں:شہباز شریف
خیبرپختونخوا ، بلوچستان میں پائلٹ پراجیکٹ فوری شروع کریں، مقامی آبادی، وفاقی اور صوبائی حکومتیں منصوبے میں شراکت دار ہونگی، رمضان پیکیج کی رقوم ڈیجیٹل والٹس سے دیں:وزیراعظم جواہرات و قیمتی پتھروں کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق قومی پالیسی فریم ورک کی اصولی منظوری ، امارات کے سجوانی گروپ اور پی ایس ایل ٹیموں کی بڈنگ جیتنے والوں کے نمائندگان کی ملاقات
اسلام آباد(دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں)وزیر اعظم شہباز شریف نے زیادہ خسارے والے بجلی فیڈرز کمیونٹی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پائلٹ پراجیکٹ پر کام فوراً شروع کریں ۔ملک کے دور دراز علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے سولرائزیشن اور بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا شمسی توانائی پر منتقلی سے خسارے میں چلنے والے فیڈرز کے نقصانات میں کمی ہوگی اور ان علاقوں میں بجلی مسلسل میسر ہوگی۔ وزیراعظم نے پیسکو اور کیسکو کے زیادہ نقصان میں چلنے والے فیڈرز میں فی الفور پائلٹ پراجیکٹس کا اجرا کرنے اور پائلٹ پراجیکٹس کو کامیاب بنانے کے لیے علاقے کے منتخب نمائندوں سے مشاورت اور کمیونٹی کی شرکت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس کو پیسکو اور کیسکو کے خسارے میں چلنے والے فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایسے فیڈرز کی شمسی توانائی پر منتقلی سے مقامی آبادی کیلئے ایک ماحول دوست، کم لاگت اور پائیدار مائیکرو گرڈ بن جائے گا۔
مقامی آبادی، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس منصوبے میں شراکت دار ہوں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے سے نہ صرف کم لاگت بجلی پیدا ہوگی بلکہ مستقبل میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں نمایاں کمی ہوگی۔ منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پائلٹ پراجیکٹ پر فورا کام شروع کیا جائے ۔دریں اثنا وفاقی حکومت کے مجوزہ رمضان پیکیج اور پچھلے سال رمضان پیکیج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس سال بھی رمضان پیکیج کی امدادی رقوم کی تقسیم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائیں تاکہ عوام کی عزت و تکریم مجروح نہ ہو، عوام کو امدادی رقوم کی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہمی کیش لیس معیشت کے حصول کے لیے بھی سنگ میل ثابت ہوگی۔وزیراعظم نے پیکیج کو مزید بہتر بنانے کے لیے سفارشات مانگ لیں۔وزیراعظم نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز میں بدعنوانی کی وجہ سے مستحق افراد اپنے حق سے محروم تھے ، حکومت نے گزشتہ سال کم نرخوں پر کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی کے لیے شفاف نظام ترتیب دیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 40 لاکھ خاندانوں میں فی خاندان 5 ہزار روپے کے حساب سے 20 ارب روپے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے تقسیم کیے گئے تھے ۔اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں اور وزارتوں کی پچھلے سال رمضان پیکیج کی شفافیت پر مستند آڈٹ ادارے کی طرف سے رپورٹ پر ستائش کی گئی۔وزیراعظم نے کہا غریبوں اور سفید پوش عوام کی مالی معاونت اور سماجی آسودگی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔
مزید برآں وزیراعظم نے جواہرات و قیمتی پتھروں(جیمزسٹونز)کے شعبے کی اصلاحات اور اسے بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے قومی پالیسی فریم ورک کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جواہرات و قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں، ترجیحی بنیادوں پر جیولاجیکل سروے سے ذخائر کے جغرافیے اور مالیت کا تعین کیا جائے ، پالیسی فریم ورک میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے موزوں ماحول کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے ،پاکستانی قیمتی پتھر دنیا بھر میں اپنے معیار کے حوالے سے مقبول ہیں، سمگلنگ کے سدباب اور قانونی طریقے سے برآمد سے اربوں ڈالر زر مبادلہ کا حصول یقینی بنائیں گے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں جواہرات و قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں جس کا محتاط تخمینہ 450 ارب ڈالر ہے ، پاکستان میں اس وقت 5 ہزار سے زائد کمپنیاں و کاروبار اس شعبے سے منسلک ہیں جو پاکستان میں پائے جانے والے 30 سے زائد قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کے حوالے سے کام کر رہے ہیں، پاکستان میں پائے جانے والے قیمتی پتھروں میں زمرد، زبرجد، یاقوت، پکھراج اور نیلگوں زبرجد کے ذخائر سر فہرست ہیں۔وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کے معروف بزنس گروپ سجوانی گروپ کے وفد نے ملاقات کی ، وزیراعظم نے ملاقات کے دوران پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں اماراتی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے برادرانہ تعلقات ہیں جو باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات، مزید معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کی سمت بڑھا رہے ہیں، شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دور پاکستان نے دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید تقویت دی اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے سازگار فضا قائم کی۔انہوں نے کہا کہ حالیہ اعلٰی سطح روابط اور تبادلوں سے پاکستان اور امارات کے نجی شعبوں اور سرمایہ کاروں کے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مضبوط بنیاد میسر آئی ہے ، حکومت بزنس ٹو بزنس تعاون کو اہمیت دیتی ہے ۔وزیراعظم سے پاکستان سپر لیگ میں2نئی ٹیموں کی بڈنگ جیتنے والی فرمز کے نمائندگان نے بھی ملاقات کی ، نمائندگان میں ٹیم سیالکوٹ حاصل کرنے والی فرم او-زیڈ ڈویلپر کے حمزہ مجید اور ٹیم حیدرآباد حاصل کرنے والی فرم ایف کے ایس کے فواد سرور شامل تھے ۔ شہباز شریف نے کہا پی ایس ایل میں2نئی ٹیموں کی شمولیت سے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو ابھرنے میں مدد ملے گی، یہ امر خوش آئند ہے کہ بڈنگ کے لئے بین الاقوامی فرمز سامنے آئیں ،اس عمل سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملا،سمندر پارپاکستانیوں نے ہمیشہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔وزیراعظم نے کامیاب بڈنگ کے عمل پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سید محسن رضا نقوی اور پی سی بی مینجمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا ۔