عازمین حج 2026 کیلئے ’’ پاک حج ایپ‘‘ کا استعمال لازمی قرار
اسلام آباد (اے پی پی)وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام حاجی کیمپ اسلام آباد میں عازمین حج 2026 کے لیے دوسرے مرحلے کی تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وزارت مذہبی امور عمر بٹ نے انتظامی امور ، روانگی اور مکہ مدینہ میں رہائش اور باقی امور جبکہ ٹرینر تنویر اصغر نے حج عمرہ کے طریقہ کار، فرائض ، واجب کے حوالے سے شرکا کو تربیت فراہم کی۔ عازمین سے کہا گیا وہ روزانہ ورزش اور 2 سے 3 کلومیٹر پیدل چلنے کی مشق کریں ۔ اصل پاسپورٹ، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ، ہوائی ٹکٹ، ویزہ کی نقول اور ویکسینیشن کارڈ ساتھ رکھیں۔ ممنوعہ اشیا مثلا ہر قسم کی منشیات، نسوار، سگریٹ اور غیر مصدقہ ادویات ساتھ لے جانے سے گریز کریں ۔وزارت نے عازمین کے لیے حج 2026 کے لئے ’’ پاک حج ایپ’’ کا استعمال لازمی قرار دیا ہے جس کے ذریعے وہ اپنی فلائٹ، رہائش، گروپ اور دیگر تربیتی معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔عازمین حج کو سعودی ویزہ کے لیے "Saudi Visa Bio" ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے بائیو میٹرک تصدیق کا طریقہ کار بھی تفصیل سے سمجھایا گیا اوربتایا گیا کہ عازمین حج چھتری، سپرے بوتل سا تھ رکھیں اور او آر ایس کا استعمال یقینی بنائیں ۔کسی بھی طبی ہنگامی صورتحال میں عازمین سعودی ہیلپ لائن 937 اور سکیورٹی کیسز کے لیے 911 پر رابطہ کریں ۔