محکمہ پراسیکیوشن :موثرفوجداری نظام انصاف کیلئے متعدد نئی اصطلاحات ، منصوبے متعارف

محکمہ پراسیکیوشن :موثرفوجداری  نظام انصاف کیلئے متعدد نئی  اصطلاحات ، منصوبے متعارف

لاہور(اے پی پی)محکمہ پراسیکیوشن پنجاب نے فوجداری انصاف کے نظام کو موثر، شفاف اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے متعدد نئی اصطلاحات اور منصوبے متعارف کرا دئیے ۔

 ان اقدامات کا مقصد عدالتوں میں استغاثہ کے معیار کو بہتر بنانا، مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر کم کرنا اور ڈیٹا پر مبنی قانونی حکمتِ عملی کو فروغ دینا ہے ۔محکمہ پراسیکیوشن نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے کیس فالو مینجمنٹ سسٹم کو اپ گریڈ کر دیا ہے ۔ اس جدید نظام کے تحت مقدمات کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ، چالان، تفتیشی مراحل اور عدالتی پیش رفت کو ڈیجیٹل انداز میں ٹریک کیا جا رہا ہے ۔بچوں کے تحفظ کیلئے بھی اہم تجاویز سامنے آئی ہیں، جن میں جنسی جرائم کے اندراج کے ذریعے تعلیمی اداروں میں بھرتیوں سے قبل امیدواروں کی سکریننگ کی تجویز شامل ہے ۔بین الاقوامی اداروں کے اشتراک و تعاون سے پنجاب میں انصاف کے نظام کو مضبوط بنانے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے ، ان منصوبوں کے تحت فوجداری قوانین، طریقہ کار اور پراسیکیوٹرز کی کارکردگی جانچنے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔قانونی ماہرین کے مطابق اگر یہ اصطلاحات موثر انداز میں نافذ ہو گئیں تو پنجاب میں فوجداری انصاف کے نظام میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے اور عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کے بوجھ میں کمی کا امکان ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں